وزیراعظم کے معاون خصوصی اور پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق نے کہا ہے کہ مودی سرکار مسئلہ کشمیر پر مذاکرات سے انکاری ہے، عالمی طاقتوں نے اقدامات نہ کیے تو اقوام متحدہ اور عالمی برادری خطے کی تباہی کے ذمہ دار ہوں گے۔
مانچسٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پولیس اسٹیٹ بن چکا ہے، عالمی طاقتوں نے بروقت اقدامات نہ کیے تو کشمیری عوام ایل اوسی توڑ سکتے ہیں۔مودی سرکار مسئلہ کشمیر پر مذاکرات سے مسلسل انکار کررہا ہے، عالمی طاقتوں نے جلد اور مؤثر اقدامات نہ کیے تو عالمی برادری اور اقوام متحدہ خطے کی تباہی کے ذمہ دار ہوں گے،حکومت نے تہیہ کر لیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو ہر صورت حل کرنا ہے، وزیراعظم عمران خان سعودی ولی عہد سے ملاقات کرکے انہیں مسئلہ کشمیر کی سنگینی صورتحال سے آگاہ کریں گے، دھرنے کی صورت میں حکومت آئین و قانون کے مطابق اقدامات کرے گی۔
دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ امریکیوں اور اقوام عالم کے سامنے مودی کا اصل چہرہ بے نقاب کریں گے، انسانیت پر یقین رکھنے والے مودی کے خلاف آواز میں آواز ملائیں۔
نیویارک میں ’اوور سیز پاکستانی گلوبل فاؤنڈیشن‘ کی جانب سے دیے گئے استقبالیہ میں زلفی بخاری نے پاکستانی اور سکھ کمیونٹی کے مقامی قائدین و ارکان سے ملاقات کی،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ امریکیوں اور اقوام عالم کے سامنے مودی کا اصل چہرہ بے نقاب کریں گے، انسانیت پر یقین رکھنے والے مودی کے خلاف آواز میں آواز ملائیں۔
زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ دنیا کو دکھائیں کہ کشمیر ایک انسانی مسئلہ ہے جس پر متحد ہیں، کرتار پور کے بعد بدھ مت کے مقدس مقامات کو بھی کھولیں گے۔انہوں نے کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے، اسلام آباد میں پہلی فاسٹ ٹریک کورٹ 2 ماہ میں کیس نمٹائے گئی۔ اوور سیز پاکستانیوں کے الیکشن کے حق کے لیے سمری بھجوائی ہے۔تقریب کے دوران سکھ کمیونٹی نے کرتار پور راہداری پر وزیر اعظم اور حکومت پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔