نریندر مودی اور امیت شاہ حاضر ہوں، امریکی عدالت نے سمن جاری کردیئے

 

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر امریکی عدالت نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل کنول جیت کو سمن جاری کردیئے ہیں،کشمیریوں پر مظالم ڈھانے پر نریندر مودی کو امریکی ریاست ٹیکساس کی ایک ڈسٹرکٹ کورٹ نے طلب کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مودی کے علاوہ بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل کنول جیت کو بھی امریکی عدالت کی جانب سے سمن جاری کیے گئے ہیں،میڈیارپورٹس کے مطابق یہ مقدمہ امریکا میں ایک قانون کے تحت درج کیا گیا ہے جس کے مطابق دنیا میں امریکی شہری کے کسی رشتہ دارپرکہیں بھی تشدد کیا جائےتو امریکی شہری اس قانون کے تحت عدالت سے مدد طلب کرسکتا ہے۔

میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ مقدمہ ایک کشمیری مرد اور خاتون کی طرف سے دائر کیا گیا ہے جن کے نام حکام کی جانب سے صیغہ راز رکھے گئے ہیں،انہوں نے موقف اختیار کیا کہ ہمارے اہلخانہ کو مقبوضہ کشمیر میں ٹارچر کیا گیا ہے، والد کو اغوا کیا گیا اور وہ کرفیو کے نافذ ہونے کے دن سے غائب ہیں جبکہ دوسری درخواست میں کہا گیا کہ دوا نہ ملنے کے باعث رشتہ دار کا انتقال ہو گیا۔

بتایا گیا ہے کہ اس سمن پر کوئی گرفتاری نہیں ہوسکتی تا ہم مقدمہ چل سکتا ہے،مدعیوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں عدالت کو تفصیل سے آگاہ کیا۔ بھارت کی جانب سے سرکاری طور پر اس عدالتی سمن کا جواب نہیں دیا گیا ہے، دیکھنا یہ ہے کہ آیا بھارتی حکام عدالت میں حاضر ہوتے ہیں یا نہیں اور ان کی عدم حاضری پر عدالت کیا اقدامات کرسکتی ہے۔

Share This Article

تازه ترین