بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کوایوارڈ دیے جانے کیخلاف بل گیٹس فاؤنڈیشن کی اہم رکن مستعفیٰ ہوگئیں۔اس سے قبل بھارتی وزیراعظم کو ایوارڈ دینے کے خلاف ہالی ووڈ کے دو اداکاروں رِز احمد اور جمیلہ جمیل نے بھی ایوارڈ کی تقریب میں شرکت سے انکار کر دیا تھا۔گیٹس فاؤنڈیشن کی کشمیر سے تعلق رکھنے والی کمیونیکیشن اسپیشلسٹ صبا حامد نے احتجاجاً ملازمت سے استعفیٰ دیا۔
صبا حامد کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن اور پابندیوں سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں، مودی حکومت کے اقلیتوں سے روا بدترین سلوک کے باوجود مودی کو ایوارڈ دیے جانے پر بےحد افسوس ہے۔ بھارتی وزیراعظم مودی کو گیٹس فاؤنڈیشن کا سالانہ ’گول کیپر ‘ ایوارڈ دیا گیا ہے۔
بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بھارت میں حفظان صحت کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے اقدامات کرنے پر ایوارڈ سے نوازنے کا فیصلہ کیا تھا۔جبکہ گزشتہ دنوں متحدہ عرب امارات اور بحرین نے بھی مودی کو سول ایوارڈز سے نوازا تھا جس پر خاصی تنقید کی گئی تھی۔
اس حوالے سے کہا جاتا ہے کہ کشمیر میں جاری مظالم اور آرٹیکل 370 کے خاتمے کے تباہ کن اثرات کو دنیا سے چھپانے کیلئے امریکہ اور اسرائیل کے کہنے پر مختلف ممالک ااور ادااروں کی جانب سے نریندر مودی کو ایوارڈز دینے کا سلسلہ شروع کیا گیا تاکہ بھارت دنیا کو یہ بتا سکے کہ جس مودی کو پاکستان ہٹلر اور انتہا پسند کہہ رہا ہے دنیا بھر میں اسے ایوارڈز دیئے جارہے ہیں، ناقدین کا کہنا ہے کہ اگر مودی کو ایوارڈز دینے کا اعلان 5 اگست سے قبل کیا بھی گیا تھا تو ان ممالک کو چاہیئے تھا کہ وہ اایوارڈز عطا کرنے کی تقاریب موخر کردیتے لیکن ایسا نہیں کیا گیا جو کشمیری مسلمانوں کے ساتھ براہ راست دشمنی کہی جاسکتی ہے۔