عمران خان نے کشمیر کی صورتحال پر تشویش سے مختلف عالمی اداروں کو آگاہ کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ مودی کے گھمنڈ نے خطے کا امن خطرے میں ڈال دیا، مقبوضہ کشمیر میں انسانی سانحے اور خونریزی کا خدشہ ہے
وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے امریکی شہر نیویارک میں موجود ہیں، جہاں ان کی مختلف ممالک اور عالمی اداروں کے سربراہان سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
وزیراعظم عمران خان سے ہیومن رائٹس واچ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، وال اسٹریٹ جرنل کے اداراتی بورڈ اور بل گیٹس نے بھی ملاقات کی۔
عمران خان نے عالمی اداروں کے نمائندوں کو مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورتحال اور بھارت کے عزائم سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی کے گھمنڈ نے خطے کے امن کو خطرے ميں ڈال ديا، مقبوضہ کشمير ميں انسانی سانحے اور خونريزی کا خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بين الاقوامی ميڈيا نریندر مودی کے اصل چہرے کو بے نقاب کرے، افغانستان ميں امن سے سب سے زيادہ فائدہ پاکستان کو ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ دنوں امریکی صدر سے ملاقات میں بھی خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا تھا، ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر کشمیر پر ثالثی کی پیش کی تھی، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کو مل کر کشمیر کا مسئلہ حل کرنا چاہئے۔
عمران خان نے نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اقوام عالم کے کردار پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر 80 لاکھ یہودیوں یا امریکیوں کو کشمیر جیسی صورتحال کا سامنا ہوتا تب بھی کیا ان کا رویہ یہی ہوتا۔
ترک صدر رجب طیب اردگان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے افتتاحی سیشن سے اپنے خطاب میں کشمیریوں کی مشکلات کا بھی ذکر کیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ اقوام متحدہ کا بنیادی ڈھانچے میں نقص ہے، صرف 5 ممالک کے ہاتھوں میں دنیا کا مستقبل نہیں دیا جاسکتا۔
- وزیراعظم عمران خان سے بل گیٹس کی ملاقات کے دوران پاکستان اور بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے، معاہدے سے پاکستان میں غربت کے خاتمے کیلئے احساس پروگرام میں مدد ملے گی، فاؤنڈیشن 2020ء کے دوران پاکستان میں 22 کروڑ ڈالر خرچ کرے گی۔
- ملاقات میں انسداد پوليو مہم کے حوالے سے بھی تبادلۂ خيال کیا گیا، وزیراعظم نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا، ون ويمن بينک پروگرام کے تحت خواتين کو بااختيار بنانے پر بھی گفتگو ہوئی۔
- بل گيٹس کا کہنا تھا کہ دنيا سے پوليو کا خاتمہ بل گيٹس فاؤنڈيشن کی اولين ترجيح ہے۔
- اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 74ویں اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان سے روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے بھی ملاقات کی، دونوں رہنماﺅں نے دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال اور پاک روس دو طرفہ تعلقات کی نوعیت پر اظہار اطمینان کیا۔
عمران خان نے روسی صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی، ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال سے امن و استحکام کو شدید خطرات لاحق ہیں، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بے جا پابندیاں ختم کروانے کیلئے عالمی برادری کو آگے آنا ہوگا۔
سرگئی لاروف کا کہنا تھا کہ روس نے گذشتہ ماہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل کے اجلاس کے انعقاد کی مخالفت نہیں کی، پاکستان اور روس مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر رابطے میں ہیں۔
وزیراعظم عمران خان سے انڈونیشیا کے نائب صدر یوسف کلاکی نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امید ہے انڈونیشیا کشمیریوں کی حالت زار پر پاکستانی مؤقف کی حمایت کرے گا۔