انڈونیشیا میں 6 اعشاریہ 5 شدت کے زلزلے سے 20 افراد ہلاک اور 100 زخمی ہوگئے جبکہ سینکڑوں مکانات تباہ یا متاثر ہوئے ہیں تاہم شدید زلزلے کے باوجود سونامی کی وارننگ جاری نہیں کی گئی.
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مشرقی انڈونیشیا کے جزیرے مالوکو میں آنے والے زلزلے کی شدت 6.5 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز امبون شہر سے 23 میل دور تھا،انڈونیشیئن حکام کا کہنا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق زلزلہ صبح 9 بجے کے قریب آیا جب کہ زلزلے کے باعث سونامی کا کوئی خطرہ نہیں تاہم اسے طاقتور زلزلے کے طور پر ریکارڈ کیا گیا ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز مشرقی امبون سے 23 میل کی دوری پر تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے سے امبون شہر میں واقع یونیورسٹی کی عمارت جزوی طور پر تباہ ہوئی جس سے 4 افراد ہلاک ہوگئے۔
سرکاری ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک اور 100 کے زخمی ہوئے ہیں، جبکہ قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے سڑکوں اور عمارتوں میں دراڑیں پڑنے کی تصاویر جاری کی گئی ہیں۔