وزیراعظم عمران خان نے امریکہ کے دورے سے واپسی کے 24 گھنٹوں بعد ہی اقوام متحدہ میں پاکستان کےمستقبل مندوب پربڑا فیصلہ کرتےہوئےمنیراکرم کوملیحہ لودھی کی جگہ مستقل مندوب مقرر کردیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ڈی جی یو این خلیل احمد ہاشمی کوجنیوا میں مستقل نمائندہ مقررکیا گیا ہے، پیانگ یانگ میں ناظم الامورسید سجاد حیدر کو کویت میں سفیر مقررکردیا گیا ہے۔ڈاکٹر فیصل کے مطابق ٹورنٹو میں قونصل جنرل عمران صدیقی کو ڈھاکا میں پاکستانی ہائی کمشنر مقرر کیا گیا ہے، ایڈیشنل سیکریٹری محمد اعجاز ہنگری میں پاکستان کے سفیر ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق عبدالحمید کو پاکستانی سفارتخانے ٹورنٹو میں قونصل جنرل تعینات کیا گیا ہے، ابرار ہاشمی کو ہیوسٹن میں قونصل جنرل تعینات کردیا گیا ہے جبکہ محمد سعد خٹک سری لنکا میں پاکستانی ہائی کمشنر ہوں گے۔
مستقل مندوب کی حیثیت سے تعینات کیئے جانے والے سینئر سفارتکار منیر اکرم پرویز مشرف کے دور میں بھی اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب رہ چکے ہیں، ان کا دورانیہ 2002 سے 2008 تک رہا ہے۔
دوسری جانب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ دنیا کے سب سے اہم فورم پر ملک کی نمائندگی کرنا اعزاز کی بات ہے۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی سینئر سفارتکار رہی ہیں اور انہیں دسمبر 2014 میں اقوام متحدہ میں مستقل مندوب تعینات کیا گیا تھا، انہوں نے فروری 2015 سے ذمہ داریاں سنبھالیں تھیں۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی 1993ء سے 1996ء اور پھر 1999ء سے 2002ء تک دو بار امریکا میں پاکستان کی سفیر رہیں۔
وہ 2003ء سے 2008ء تک برطانیہ میں بھی پاکستان کی ہائی کمشنر رہیں، ڈاکٹر ملیحہ لودھی 2001ء سے 2005ء تک اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ایڈوائزری بورڈ کی رکن بھی رہی ہیں۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو اعزاز حاصل ہے کہ وہ جنوبی ایشیاء میں کسی بھی قومی اخبار کی پہلی خاتون ایڈیٹر بنیں، ان کا صحافتی کیرئیر پاکستان کے معروف انگریزی اخبار دی نیوز سے شروع ہوا اور وہ کئی سال تک اس کی ایڈیٹر رہیں۔