ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے واشنگٹن میں اپنے امریکی ہم منصب مائیک پمپئو سے ملاقات سے پہلے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان امریکی دھمکیوں کے باوجود روس سے دفاعی میزائل سسٹم ایس 400 خریدے گا۔
ایس جے شنکر کا کہنا تھا کہ ہندوستان اپنے فیصلے کرنے میں خودمختار ہے اور کسی بھی ملک کو نئی دہلی کے معاملات میں مداخلت کا حق نہیں ہے۔نئی دہلی کو فوجی ساز و سامان خریدنے کے لئے کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہندوستان نے گذشتہ برس ، روس سے پانچ ارب ڈالر سے بھی زیادہ مالیت کے پانچ دفاعی میزائل سسٹم ایس 400 خریدنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ واضح رہے کہ امریکہ نے اپنے اتحادی ملک ترکی پر بھی ایس 400 میزائل سسٹم خریدنے کی بنا پر اقتصادی پابندیاں لگا دی ہیں۔
جبکہ بھارتی دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ انڈیا کی اپنی جغرافیائی پوزیشن ایسی ہے کہ ایک طرف تو چین ہے، جس سے سنہ 62 میں جنگ ہوئی، اس کے ساتھ سرحدی اختلافات ہیں دوسری جانب پاکستان ہے جس کے ساتھ چار جنگیں ہو چکی ہیں۔ تو اس پس منظر میں اسے کئی طرح کے چیلینجز اور مسائل کا سامنا ہےجس کے لیے جنگی سازو سامان کی خرید اس کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے ۔
یاد رہے کہ بیرونی ممالک سے جنگی ساز و سامان خریدنے میں عالمی سطح پر بھارت اس وقت اول نمبر پر ہے اور دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اسے کے دفاعی اخراجات میں مزید اضافے کا امکان ہے ۔