قومی ایئر لائن میں بدعنوانی کے کیسزکی ایک طویل فہرست سامنے آئی ہے ، اسی حوالے سے چھان بین کی کارروائی مکمل ہو نے کے بعد پی آئی اے کی کیٹرنگ وین کی گمشدگی میں ملوث ڈپٹی جنرل منیجرکو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے ۔
جعل سازی میں ملوث افسر کو اشیائے خورونوش سے بھری کیٹرنگ وین کی گمشدگی پرشوکازجاری کیا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حسن محمود قریشی نے لاہورسے سیالکوٹ کی کیٹرنگ وین کے لئے جعلی گیٹ پاس جاری کیا تھا جبکہ سیالکوٹ ایئرپورٹ کے متعلقہ حکام نے کیٹرنگ وین روانگی کی کوئی درخواست ہی نہیں کی تھی۔
رپورٹ میں یہ بھی کہاگیا ہے کہ کیٹرنگ وین کی دستیابی پراس میں موجود تمام اشیائے خورورنوش غائب تھیں۔
یاد رہے نومبر 2018 میں ڈپٹی فوڈ سروسز(نارتھ) حسن محمود قریشی کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مذکورہ افسر پر جعلی دستاویزات کے ذریعے امریکا کا ویزا لگوانے کا بھی الزام ہے ۔
محکمانہ انکوائری میں بھی حسن محمود قریشی اپنے الزامات کا دفاع نہیں کرسکے تھے اس لیے حسن محمود کو اختیارات کے ناجائز استعمال اورجعل سازی کی بنا پر نوکری سے برخاست کیا گیا ہے ۔