کہتے ہیں بچے سب کے سانجھے ہوتے ہیں تھائی لینڈ میں اس ساجھے داری کا مظاہرہ بے زبان مخلوق بھی کرنے سے باز نہیں آئی ۔
انسان جب کسی سے محبت کرے تو اس کے اظہار کے لیے مختلف طریقے اپناتا ہے کبھی وہ بول کر اپنی محبت جتاتا ہے اور کبھی لکھ کر تو کبھی تحفے تحائف دے کر ، لیکن بے زبان مخلوق کے درمیان محبت کے مظاہرے صحیح معنوں میں اس وقت سامنے آتے ہیں جب وہ کسی مشکل میں ہوتے ہیں ، خطہ ارض کی یہ سمجھدار مخلوق اپنے کسی پیارے کو مشکل میں دیکھے تو شورنہیں مچا سکتی لیکن اپنے عمل سے یہ ضرور ثابت کردیتی ہے کہ محبت جیسا فطری جذبہ ان میں بھی بدرجہ اتم پایا جاتا ہے ۔ایسی ہی لازوال محبت کا مظاہرہ تھائی لینڈ میں دیکھنے میں آیا جہاں ایک ننھے ہاتھی کو بچانے کی کوشش میں چھ ہاتھی اپنی جان قربان کر گئے ۔
خبررساں ذرائع کے مطابق یہ واقعہ جنوبی تھائی لینڈ کے ایک نیشنل پارک میں پیش آیا جہاں ہاتھی کا ایک بچہ ایک بلند آبشار سے پھسل کر نیچے گر گیا۔
ننھے ہاتھی کو بچانے کی کوشش میں ایک کے بعد ایک کرکے 5 بڑے ہاتھی بھی آبشار سے گرتے چلے گئے ۔ جب کہ دو ہاتھی اب بھی پہاڑ کے کنارے موجود ہیں جنہیں ہٹانے کیلئے محکمہ جنگلی حیات اور نیشنل پارک کے حکام کوشش کررہے ہیں۔
تھائی حکام کے مطابق اس واقعے کا علم اس وقت ہوا جب آبشار کی جانب جانے والی سڑک کو ہاتھیوں کے ریوڑ نے بند کررکھا تھا۔
محکمہ جنگلی حیات نے معاملے کی چھان بین کی تو تین سالہ ہاتھی کے بچے کی لاش آبشار کے قریب سے ملی جب کہ قریب ہی 5 بڑے ہاتھیوں کی لاشیں بھی موجود تھیں۔