امریکی پابندیوں،غلط بیانی اور پروپیگنڈوں کے باوجود بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی نے کہا ہے کہ ایران صحیح اور درست سمت میں حرکت کر رہا ہے۔فرانسیسی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے سرپرست کرنل فروتا کا کہنا ہے کہ ایران کی حرکت صحیح اور درست سمت میں ہے۔
فروتا نے ایران کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایران کا تعاون قابل قدر ہے اور ایران درست اور صحیح سمت میں حرکت کررہا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی نے اپنی کئی رپورٹوں میں ایران کے پر امن جوہری پروگرام کے صحیح سمت میں حرکت کرنے سے متعلق رپورٹیں شائع کیں۔
دوسری جانب ایران کے ٹیلی مواصلات کے وزیر محمد جواد آذری جہرمی نے کہا ہے کہ امریکی پابندیاں ایرانی سائنسدانوں کی ترقی کوہرگز نہیں روک سکتیں،انھوں نے تہران میں خلائی ٹیکنالوجی کے عالمی ہفتے کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ امریکا نے ایک رات میں ایران کے تین خلائی اداروں پر پابندیاں لگائیں جو پر امن مقاصد کے لئے کام کررہے ہیں۔
ایران کے ٹیلی مواصلات کے وزیر نے کہا کہ امریکا ایران کی خلائی ٹیکنالوجی کی ترقی نہیں دیکھنا چاہتا،انھوں نے کہا کہ دنیا کے اکثر ممالک پر امن خلائی ٹیکنالوجی میں ایران کے ساتھ تعاون کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایران اپنے خلابازوں کو خلا میں بھیجنے کے پروگرام پر کام کررہا ہے اور اس کو عملی شکل دے گا ۔ 1999ء میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے پاس ہونے والی قرار داد کے مطابق ہرسال 4 سے 10 اکتوبر تک خلائی ٹیکنالوجی کا عالمی ہفتہ منایا جاتا ہے۔