وزیراعظم چین پہنچ گئے، بڑے بزنس  گروپس سے ملاقاتیں

 

وزیراعظم عمران خان نے اورینٹ ہولڈنگز گروپ کے چیئرمین آف بورڈ، لانگ مارچ ٹائرکمپنی کے سی ای او اور چائنامیٹالرجیکل گروپ کے چیئرمین سے ملاقاتیں کیں ، اورینٹ ہولڈنگز گروپ چین کا بڑا انویسٹمنٹ گروپ ہے جبکہ لانگ مارچ کا شمار بہترین ٹائرمینوفیکچرنگ کمپنیوں میں ہوتا ہے۔وزیراعظم عمران خان سے چائنامیٹالرجیکل گروپ کے چیئرمین کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹیل انڈسٹری میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، خسرو بختیار، شیخ رشید بھی موجود تھے جبکہ مشیرتجارت، مشیر توانائی، چیئر مین بورڈ آف انویسٹمنٹ بھی موجود تھے، میٹالرجیکل گروپ چین کا سب سے بڑا تعمیراتی گروپ ہے، گروپ لوہے اور اسٹیل انڈسٹری میں کام کرنے والا چین کا پہلا گروپ بھی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے وفد کے ہمراہ اورینٹ ہولڈنگز گروپ کے چیئرمین آف بورڈ سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان میں کاروباری اور سرمایہ کاری سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سے قبل جب وزیراعظم عمران خان 3 روزہ دورے پر چین پہنچے تو ایئرپورٹ پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا اور وزیراعظم کو گارڈآف آنر پیش کیا گیا، وزیراعظم عمران خان آج چینی ہم منصب سے ملاقات کریں گے اور چین کی کونسل فارپروموشن آف انٹرنیشنل ٹریڈ سے خطاب بھی کریں گے۔وزیراعظم عمران خان اورچینی قیادت کی ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ  بھی ساتھ ہوں گے۔

Share This Article

تازه ترین