ترک صدر طیب اردوان پاکستان کے دورے پر آ رہے ہیں، سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ 23 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے۔ ترک صدر کا دورہ پاکستان 2 روزہ ہوگا، اس دوران وہ پاکستان کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
جولائی میں وزیر اعظم عمران خان نے ترک صدر کو پاک ترک اسٹریٹجک تعاون پر مبنی کونسل کے اجلاس کے سلسلے میں دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی، جو انھوں نے قبول کر لی تھی۔ بتایا گیا تھا کہ ترک صدر کی آمد سے دونوں ممالک میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر مزید پیش رفت ہوگی۔
وزیر اعظم عمران خان سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران ترک صدر نے افغان امن عمل کے لیے بین الاقوامی کوششوں پران کی تعریف کی تھی اور ترکی کی جانب سے افغان امن عمل میں بھرپور حمایت کی یقین دہانی بھی کرائی تھی۔
ترک صدر مسئلہ کشمیر کے سلسلے میں پاکستان کے مؤقف کی بھرپور حمایت کر چکے ہیں۔ علاوہ ازیں، اقوام دنیا میں اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کے لیے بھی پاکستان نے ترکی اور ملائیشیا کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ انگریزی چینل شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔