انضباطی کارروائی: پاک فوج کے 3 میجرز ملازمت سے برطرف

 

پاک فوج کے  تین میجرز کو انضباطی کارروائی پرملازمت سےبرطرف کردیا گیاجبکہان میں سے 2افسران کو دو دو سال کیلئے قید بامشقت بھی سنائی گئی ، افسران اختیارات کےغلط استعمال،غیر قانونی سرگرمیوں میں پائے گئے۔ گزشتہ دو سال کے دوران پاک فوج میں پیشہ ورانہ نظم و ضبط کی سختی سے پاسداری کرتے ہوئے غفلت، یا اختیارات کے ناجائز استعمال پر400افسران کو سزائیں سنائی جاچکی ہیں، جس میں برطرفیاں بھی شامل ہیں۔

پاک فوج کےشعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فوج کے 3میجرز کو انضباطی کارروائی پرملازمت سے برطرف کردیا گیا ہے،تینوں افسران ڈسپلن کی خلاف ورزی کےمرتکب پائے گئے،آئی ایس پی آر کے مطابق افسران کو 2،2 سال کیلئے قید بامشقت بھی سنائی گئی، افسران اختیارات کے غلط استعمال، غیر قانونی سرگرمیوں میں پائے گئے۔

یاد رہےرواں سال مئی میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دوفوجی افسران اورایک سول افسر کی سزاؤں کی توثیق کی تھی ، لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید اقبال کی 14 سال قید بامشقت، جب کہ بریگیڈیئر (ر) راجہ رضوان اور ایک سول افسر ڈاکٹر وسیم اکرم کی سزائے موت میں توثیق کی گئی تھی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا یہ سزائیں مسلح افواج کے سخت احتساب کے نظام کامظہر ہے، افسران کودی گئی سزاؤں کا تعلق 3 مختلف کیسز سے ہے، افسران کو ان کےجرائم پرسخت ترین سزائیں دی گئیں۔تینوں افسران کو حساس راز افشا کرنے اور جاسوسی کے الزامات پر سزائیں سنائی گئیں، مذکورہ افسران پر آرمی ایکٹ کے تحت مقدمات چلائے گئے تھے۔

 

Share This Article