خیر نجف پہنچ کر معلوم ہوا کہ عراق میں حالیہ مظاہروں کے بعد صورتحال بہت حد تک کنٹرول میں ہے، تاہم دارالحکومت بغداد میں اب بھی کہیں نہ کہیں تیس چالیس مظاہرین کا گروہ ٹائر جلا کر غائب ہو جاتا ہے، جس کے پیش نظر حکومت نے سوشل میڈیا کو بند رکھا ہوا ہے، جبکہ انٹرنیٹ کی سروس کو جزوی طور پر بحال کردیا گیا ہے، زیادہ تر لوگ وی پی این (پراکسی) کے ذریعہ فیس بک اور ٹوئٹر چلا رہے ہیں۔
نجف میں زیرتعلیم اپنے بلوچ بھائی محترم ساجد علی خان سے معلوم ہوا کہ عراقی ذرائع ابلاغ کے مطابق حکومت مخالف مظاہروں کو زیادہ تر سابق فوجی آمر صدام حسین کے لوگوں نے لیڈ کیا، ان مظاہروں میں وہ لوگ بھی شامل تھے، جو امریکہ کے حامی تصور کیے جاتے ہیں۔
آیت اللہ سیتانی اور دیگر مراجع عظام نے ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات سامنے لانے کا بھی حکم دیا اور اس بات پر زور دیا کہ حکومت عوام کے جائز مطالبات کو پورا کرے۔ جبکہ عراقی وزیراعظم نے بھی مظاہرین کے مطالبات کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی، جس کے بعد مظاہروں کا سلسلہ تھم گیا۔
کہا جاتا ہے کہ شروع میں احتجاج کا آغاز بغداد کی یونیورسٹی جابر بن حیان اور جامعہ المستنصریہ سے ہوا، جس میں طلبہ و طالبات نے اسناد جاری نہ ہونے کا شکوہ کیا، اسی طرح دیگر یونیورسٹییز کے طلبہ نے بھی بیروزگاری کے خلاف پرامن مظاہرے کیے، تاہم ان مظاہروں کی صورتحال تب تبدیل ہوئی، جب مظاہرین کے روپ میں کچھ تخریب کار بھی گھس آئے، جنہوں نے صورتحال کو پل بھر میں بدل دیا۔
ان تخریب کاروں نے جہاں سرکاری گاڑیوں کو آگ لگائی، وہیں نجی و شہری املاک کو بھی نقصان پہنچایا۔ صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے کرفیو نافذ کیا گیا تاہم صورتحال بدستور خراب سے خراب تر ہوتی گئی، یہاں تک کہ پرتشدد واقعات اور سیکیورٹی فورسز سے تصادم کے نتیجے میں تقریباً 15 کے قریب افراد جاں بحق اور سینکڑوں زخمی ہوگئے۔
اب کچھ چیزیں وہ بیان کیے دیتا ہوں، جو خود دیکھی ہیں، مجھے عراق کے چوتھے وزٹ پر بھی ایسا لگا ہے کہ جیسے کچھ نہیں بدلا، سب چیزیں وہیں کی وہیں کھڑی ہیں۔ آپ سوچ رہے ہوں گے کہ کیا کہنا چاہ رہا ہوں، تو وہ یہ کہ پاکستانیوں اور عراقیوں میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے قدریں خاصی ملتی جلتی ہیں، یعنی جتنا پاکستانیوں کو صفائی سے پیار اور عشق ہے اس سے شائد کچھ بڑھ کر عراقیوں کو بھی ہے، اگر عراق کے تاریخی شہر نجف اشرف اور کراچی کا موازنہ کریں تو صفائی ستھرائی میں انیس بیس کا فرق نظر آئے گا۔
جیسے شہری حکومت کراچی میں کام کر رہی ہے، ویسے ہی نجف کا حال ہے، گلیوں میں پڑے کچرے کے ڈھیر اور جا بجا پھیلی گندگی سے انسان کی سانس اکھڑنے لگتی ہے۔ اربعین حسینی ؑ کے موقع پر ایرانی بلدیاتی اداروں کے اہلکار خصوصی طور پر کربلا اور نجف میں حرم مطہر اور اس کے اطراف میں صفائی کا نظام سنبھالتے ہیں، لیکن شہری آبادی میں گلیوں اور گھر کے باہر آپ کو بدترین صورتحال دیکھنے کو ملتی ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ جیسے عراقی اس ماحول میں رہنے کے عادی ہوگئے ہیں۔
مہمان نوازی، خانوادہ اہل بیتؑ سے محبت، زائرین کی خدمت گزاری اور انکساری میں عراقی دنیا میں اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتے، اگر عراقی مذکورہ خوبیوں کے ساتھ صفائی کی عادت کو بھی اپنا شیوا بنا لیں تو یقین جانیں اس جیسی قوم دنیا میں شائد آپ کو نہ ملے۔