بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست اتر پردیش میں ایک رہائشی بلڈنگ میں گیس سلنڈر پھٹنے سے کم ازکم 12 افراد مارے گئے ہیں۔ اس حادثے میں کئی افراد کے ملبے تلے دب کر زخمی ہونے کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔ گنجان آباد شمالی ریاست اتر پردیش کی پولیس نے بتایا ہے کہ ایک گاؤں میں کھانا پکانے والے گیس سلنڈر کے پھٹنے کے واقعے کی خصوصی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق ایک درجن نعشوں اور کئی زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں میں بعض افراد جھلسے ہوئے بھی ہیں۔
پولیس کے مطابق گیس سلنڈر پھٹنے کا واقعہ اتر پردیش کے ضلع ماؤ کے ایک گاؤں ولید پور میں ہوا۔ گیس کا سلنڈر ایک دو منزلہ عمارت میں پھٹا۔ یہ عمارت سلنڈر پھٹنے سے ہونے والے زوردار دھماکے کو برداشت نہ کرسکی اور گر گئی۔ منہدم عمارت کا ملبہ ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس اور مقامی افراد کے مطابق عمارت کے گرنے سے کئی افراد ملبے میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔
اسپتال ذرائع کے مطابق کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔پولیس کے ایک سینیئر اہلکار کا کہنا ہے کہ عمارت میں سلنڈر پھٹنے کے بعد آگ نہیں بھڑکی ورنہ ہلاکتوں کی تعداد کہیں زیادہ ہو سکتی تھی۔ عمارت کا ملبہ ہٹانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ فائر بریگیڈ کا عملہ بھی مصروف ہے۔ قریبی مکانات کے افراد بھی امدادی سرگرمیوں میں شریک ہیں۔ ریاست اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی ادیتیا ناتھ نے ولید پور میں سلنڈر پھٹنے اور عمارت کے گرنے کے واقعے کی انکوائری جلد مکمل کر کے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔