دنیا بھر کی فضائی کمپنیاں اپنے مسافروں کی سہولیات میں اضافے کے ساتھ نت نئے اقدامات کرتی رہتی ہیں تاکہ ان کی ایئر لاائن دیگر کمپنیوں کے مقابلے میں ممتاز اور منفرد بن سکے، جدت و سہولت کی اسی دوڑ نے دنیا میں فضائی سفر کو دن بدن آرام دہ، پرسکون اورمحفوظ بنانے میں اپنااہم کردار ادا کیا ہے یہ الگ بات ہے کہ پاکستان کی قومی فضائی کمپنی ، پی آئی اے کی جانب سے اس طرح کے اقدامات سننے کیلئے مسافروں کے کان ترس گئے ہیں۔
بات سننے کی آئی ہے تو ایک تازہ خبر ہے کہ کینیڈا کی فضائی کمپنی نے صنفی امتیاز کے خاتمے کے تحت دورانِ پرواز مسافروں کو آگہی پیغام دینے کیلئے اب لیڈیز اینڈ جینٹلمین یعنی خواتین و حضرات کا لفظ استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈا کی فضائی کمپنی ائیر کینیڈا نے فیصلہ کیا ہےکہ اب جہاز میں مسافروں کو آگہی پیغام دینے کے لیے مرد و زن کی جنس سے ہٹ کر عام لفظ استعمال کیا جائے گا یعنی اب پرواز کے دوران لیڈیز اینڈ جینٹلمین کہہ کر مسافروں کو مخاطب نہیں کیا جائے گا۔
فضائی کمپنی کی جانب سے اب پرواز کے دوران ’ایوری باڈی everybody‘ کا لفظ استعمال کیا جائے گا۔ائیرکینیڈا کے ترجمان کا بتانا ہےکہ کمپنی اپنے آن بورڈ اعلانات کو بہتر بنانے کے لیے ان میں ترمیم کررہی ہے اور ان سے مخصوص جنسی تفریق کو ختم کیا جارہا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے ملازمین کو اس بات کا یقین دلانے کے لیے سخت محنت کرتے ہیں وہ خود کو ائیرکینیڈا کی فیملی کا اہم حصہ محسوس ہیں، اس کے علاوہ ہم یقینی بنارہے ہیں کہ ہمارے ساتھ سفر کرنے والے مسافربھی مطمئن ہوں۔