ذرائع کے مطابق حکومت نے مولانا فضل الرحمان کواحتجاجی مارچ سے باز رکھنے کیلئے خصوصی کمیٹی قائم کردی ہےجس کے سربراہ وزیر دفاع پرویز خٹک ہوں گے،کمیٹی مولانا فضل الرحمان اور اپوزیشن جماعتوں سے مذاکرات کرتے ہوئے ان کے جائز مطالبات پر عملدرآمد کیلئے اپنی تجاویز پیش کرے گی۔
کمیٹی کے قیام کا فیصلہ وزیراعظم کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہونے والے کور کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، ذرائع کے مطابق کور کمیٹی نے پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں فوری بلدیاتی انتخابات کرانےکا بھی متفقہ فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کےمطابق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس وقت ہم معیشت اور اقتصادیات سمیت دیگر اہم چیلنجز کا سامنا کررہے ہیں جبکہ مقبوضہ کشمیر کا اہم ترین مقدمہ بھی عالمی فورمز پر لڑ رہے ہیں ان حالات مین کسی بھی قسم کی احتجاجی سیاست ملک و قوم کے مفادات کے خلاف ہوگی۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نےجے یوآئی کے ممکنہ احتجاجی مارچ کےحوالےسےفیصلے میں کہا ہےکہ انتظامیہ کواختیار ہےکہ وہ امن وامان میں رخنہ ڈالنے والوں کےخلاف سخت کارروائی کرے،فیصلے میں کہا گیا کہ احتجاج کرنا عوام کا بنیادی حق ہے لیکن کسی کو بھی یہ اجازت نہیں دی جاسکتی کہ وہ مسلح ہوکر دیگر پرامن شہریوں کیلئے خطرے کا باعث بنے۔