جمعیت علمائے اسلام کا دعویٰ ہے کہ حکومت کے خلاف اسلام آباد مارچ میں 15 لاکھ افراد لاکر دکھائیں گے جے یو آئی رہنما مولانا راشد سومرو کہتے ہیں کہ میں لکھ کردیتا ہوں اور دستخط کرکے پوری قوم کو دکھاتا ہوں ہم 15 لاکھ لوگوں کی تعداد پوری کریں گے اور میں یہ بھی لکھ رہا ہوں کہ سندھ سے 4 لاکھ سے زائد لوگ آئیں گے۔ انھوں نے یہ بات وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے ایک چینلج کے جواب میں کہی۔ جنرل سیکرٹری جے یو آئی سندھ مولانا راشد محمود سومرو نے کہا کہ مدرسہ کے بچوں کو ووٹ دینے کا حق ہے تو اپنے ووٹ کی چوکیداری کیلئے احتجاج کا بھی حق ہے۔
ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے راشد محمود سومرو نےکہا کہ وہ یہ بھی لکھ کر دینےکے لیے تیار ہیں کہ اگر 15 لاکھ لوگ نہیں لاسکے تو آئندہ الیکشن میں کبھی حصہ نہیں لیں گے،مولانا راشد سومرو نے یہ تحریر لکھ کر اسکرین پر ناظرین کو بھی دکھائی اور وفاقی وزیر فیصل واؤڈا کو دے دی۔

مولانا راشد محمود سومرو کا کہنا تھا کہ جےیو آئی ف کا احتجاج انڈوں، کٹوں،مرغیوں اورلنگر خانےسےیتیم خانےتک جانےوالی قوم کوواپس لانے کیلئے ہے،حکومت ہمارے مارچ میں ٹرانسپورٹ فراہم نہ کرنےکیلئے ٹرانسپورٹرز پر دبائو ڈال رہی ہے،ہم اونٹ، کشتیوں، سائیکلوں اور پیدل اسلام آباد آرہے ہیں، اونٹوں کا قافلہ تو نوابشاہ سے آگے نکل چکا ہے،ہمارے رہنمائوں اور کارکنوں پر خودکش حملےتک ہوئے ہیں، ہم جنازے اٹھا اٹھا کر تھک گئے ہیں اب جنازے اٹھانے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ پی ٹی آئی نے مولانا فضل الرحمٰن کی سیکیورٹی واپس لے لی ہے، اس لیئے ہمارے انصار الاسلام کے رضاکار اپنےقائد اور کارکنوں کی حفاظت کیلئے آرہے ہیں، ہم جلائو گھیرائو تشدد یا سول نافرمانی کی بات نہیں کریں گے۔
اس موقع پر پروگرام میں شریک مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہنوازرانجھا نے کہا کہ اگرمسلم لیگ اور جےیوآئی کےمذاکرات کامیاب ہوجاتے ہیں تو آپ اس تعداد کو دگنا کرلیں یعنی 15 لاکھ کی جگہ 30 لاکھ لوگ آئیں گے،اس کےبعد لیگی رہنمانےجےیوآئی رہنماراشد محمود سومروکی تحریرپر بطورگواہ دستخط بھی کئے۔
پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے فیصل واؤڈا کا مزید کہنا تھا کہ جے یو آئی کیا سوچ کراسلام آباد آرہی ہے،انہیں کوئی مسئلہ یا پریشانی ہےتو ہم سے بات کریں، فیصل واؤڈا نے کہا کہ اپوزیشن میں دراڑیں پڑنا شروع ہوگئی ہیں، بلاول کبھی کہتے ہیں مولانا فضل الرحمٰن ہمارے ساتھ ہیں کبھی کہتے ہیں پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، پی ٹی آئی کا امیدوار لاڑکانہ میں تمام اپوزیشن کے ساتھ مل کر بھی سیٹ نہیں جیت پاتا تو سوال اٹھے گا کہ سندھ حکومت کیسے بنی۔
فیصل واؤڈا کا کہنا تھا کہ حکومت ماں کی طرح ہوتی ہے سب کو ساتھ لے کر چلتی ہے، ماں بچوں کو پیار کرتی ہے تو شرارتی بچوں کو ڈانٹتی اور پھینٹی بھی لگاتی ہے، جے یو آئی مذاکرات کرنا چاہتی ہے تو حکومت خوش آمدید کہتی ہے۔ فیصل واؤڈا نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے پاس کچھ نہیں اس لئے کرائے پر مولانا فضل الرحمٰن کی خدمات حاصل کرلیں، اب کسی کے گھر میں کوئی مسئلہ ہو مولانا فضل الرحمٰن کو کرائے پر لے لیں، جے یو آئی مدرسہ کے بچوں کو احتجاج میں لارہی ہے، ہم بھی مسلمان ہیں کیا مسلمان یہاں مسلمان کیخلاف کھڑا ہونے والا ہے۔۔؟
فیصل واؤڈا کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن دھرنا دینا چاہتے ہیں تو حلوہ، بریانی، باتھ روم سمیت ہر سہولت دیں گے، جے یو آئی ف کو ناراضگی کی کوئی وجہ نہیں دیں گے، مولانا فضل الرحمٰن پیغام دے رہے ہیں کہ مجھے درمیانے راستے کے تحت گرفتار کرلیا جائے۔ مولانا فضل الرحمٰن کی فرمائش آئی ہے کہ مجھے گرفتار کرلو ،لیکن ہم نے کہا آپ نے پرامن احتجاج کرنا ہے تو ضرور کریں۔فیصل واؤڈا نے کہا کہ میری اطلاع کے مطابق کسی جگہ نفرت انگیز تقریر کی وجہ سے پیمرا نے مولانا فضل الرحمٰن کی پریس کانفرنس نشر کرنے پر پابندی لگائی ہے، ہم مولانا فضل الرحمٰن کو کشمیر کمیٹی کی سربراہی، گاڑیاں،جائیدادیں نہیں دے سکتے جو پی پی اورن لیگ کی حکومتیں دیتی آئی ہیں۔