پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف موت کے دہانے پر ہیں، وہ گذشتہ 13 دن سے قومی احتساب بیورو (نیب) کی حراست میں تھے، نیب چیئرمین بتائيں یہ کیسے ہوا؟انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نیب کی حراست میں اس نہج پر آگئے، اگر آصف زرداری اور نوازشریف کو کچھ ہوا توحکومت کیخلاف تو مقدمہ درج ہوگا ہی لیکن کیا ذمہ داری چیئرمین نیب پر نہیں آئے گی؟
بلاول بھٹو زرداری نے میاں نواز شریف کی علالت کی خبروں کے حوالے سے ایک بیان میں کہا کہ نوازشریف کی خرابی صحت کی خبروں پر سخت فکرمند ہوں، دعاگو ہوں کہ خدا میاں نواز شریف کو جلد مکمل صحت یابی دے۔انہوں نے کہا کہ محسوس کرسکتا ہوں کہ نواز شریف کی دوران قید علالت سے اہل خانہ کس تکلیف سے گزر رہے ہوں گے۔
بلاول بھٹو نےکہا کہ آصف زرداری اورنواز شریف احتساب کے نام پرانتقام کا نشانہ بنائے گئے ہیں، انسانیت کی باتیں کرنے والے عمران خان کے دل میں انسانیت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے استفسار کیا کہ کیا عمران خان کا کسی کو چھوڑوں گا نہیں کے بیان کا مطلب آصف زرداری اور نوازشریف کی زندگیوں سے کھیلنا تھا؟انہوں نے مزید کہا کہ اگر آصف زرداری اور نواز شریف کو خدانخواستہ کچھ ہوا تو ذمہ دار حکومت ہوگی۔
ان دنوں سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری دونوں ہی طبعیت کی ناسازی کی وجہ سے اسپتال میں زیر علاج ہیں۔سابق صدرآصف زرداری پمز اسپتال کے کاڈریک وارڈ میں زیرعلاج ہیں جن کے مزید ٹیسٹ اور رپورٹس سامنے آنے پر علاج شروع کیا جائے گا، آصف زرداری کو عارضہ قلب اور شوگر کی بیماری ہے۔ادھر سروسز اسپتال لاہور میں زیر علاج سابق وزیراعظم نواز شریف کے مرض کی تشخیص کے بعد ان کا باقاعدہ علاج شروع کردیا گیا ہے اورعلاج سے نواز شریف بھی مطمئن ہیں۔