پاکستان اسٹاک ایکسینج میں پہلی بار 200 ارب مالیت کے انرجی سکوک بانڈز کا اجرا کردیا گیا ہے، یہ بانڈز شریعہ کمپلائنٹ فنانشنل انسٹرومنٹ ہیں سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے مطابق انرجی سکوک 10 سال کی مدت کے لیے اجارہ کی بنیاد پر جاری کیا گیا ہے۔ ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ 200 ارب کا سکوک ملکیتی کمپنی پاور ہولڈنگ لمیٹڈ کی جانب سے کیا گیا ہے، پیشکش میں مالیاتی ادارے، ملکی و غیرملکی افراد براہ راست سرمایہ کاری کریں گے،سکوک کےاجرا کا مقصد توانائی کے شعبے میں سرمائے کی فراہمی ہے۔
دوسری جانب امریکہ سے سرمایہ کاروں کا ایک وفد پاکستان میں ہے اس حوالے سے امریکی حکام کا کہنا ہے کہ شمالی علاقہ جات اسکردو،چترال میں سیاحت اورہوٹلنگ انڈسٹری میں سرمایہ ہو گی، کچھ دنوں سے پاکستان گھوم رہے ہیں یہ بہت خوبصورت ہے، پاکستان کےساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیےسنجیدہ ہیں، سرمایہ کار وفد کے مطابق جتنا پاکستان کو دیکھ رہے ہیں اتنا زیادہ پسندآ رہا ہے، پاکستان خوبصورت ہے یہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں ، ابتدائی طور پر ہم 100 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے جا رہے ہیں۔
سرماایہ کاروں کے اس وفد کی آمد جولائی میں وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے دوران امریکی بزنس ایگزیکٹو کے وفد سے ملاقات کا نتیجہ ہے جس میں وزیراعظم نے وفد کو نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے میں سرمایہ کاری کے مواقع اور کاروبار میں آسانی کے لیے حکومت کے حالیہ اقدامات سے آگاہ کیا تھا، اس کے علاوہ جمعرات کو ہی عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کاروبار کرنے کے لیے آسانیاں فراہم کرنے والے 10 ممالک کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے، مشیر خزانہ حفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک نے پاکستان میں کاروباری آسانیوں کے لیے اقدامات کو سراہا۔ پاکستان نے نئے بزنس کے آغاز، اقلیتی سرمایہ کاروں کے تحفظ، دیوالیہ کے مسائل، کانٹریکٹس کے اطلاق، بجلی کنیکشن اور تعمیرات اجازت نامےکےحصول میں نمایاں اصلاحات کی ہیں۔