یومِ سیاہ کشمیرپرصدر،وزیراعظم کےپیغامات،27 اکتوبرتاریخ کا سیاہ ترین دن قرار

آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم سیاہ کشمیر منایا جا رہا ہے، 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیا تھا، رواں سال 5 اگست کو بھارت نے ایک اور مذموم قدم اٹھا کر مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کر کے اسے بھارت کا حصہ بنایا اور اس کے بعد سے وادی میں مسلسل کرفیو نافذ ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ 27 اکتوبر جموں وکشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے، اس دن بھارتی فوج جموں وکشمیر میں داخل ہوئی تھی اور کشمیریوں کی منشا اور تقسیم کے منصوبے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خطے پر قبضہ کیا تھا 72 سال قبل آج ہی کے دن بھارتی سیکیورٹی فورسز نے بین الاقوامی قوانین اور اخلاقیات کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے نہتے اور بے گناہ کشمیریوں کی امنگوں کے برعکس جبر، ظلم وتشدد اور دہشت گردی کے ذریعے کشمیر پر قبضہ کیا تھا۔

وزیر اعظم عمران خان نے اپنے خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا، مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سیاسی، سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، عالمی برادری مظلوم کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق اور آزادی کو یقینی بنائے۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ رواں سال یوم سیاہ ماضی کی نسبت مختلف اور نمایاں ہے، 5 اگست کے اقدام نے آبادیاتی ڈھانچے اور شناخت کو تبدیل کر دیا ہے، پاکستان، کشمیریوں اور مسلم امہ نے قانون اور انصاف کے اس تمسخر کو مسترد کیا، دوسری طرف بھارتی حکومت نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

انھوں نے  کہا 3 ماہ سے ذرایع ابلاغ کے مکمل بلیک آؤٹ سے مقبوضہ وادی بڑی جیل میں بدل گیا، مقبوضہ کشمیر کرہ ارض کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل ہو چکا ہے، وادی میں ادویات اور اشیائے خور و نوش کی شدید قلت ہے، ہزاروں افراد جابرانہ حراست میں لے لیے گئے ہیں، ہزاروں نوجوانوں کو اغوا کر کے نا معلوم مقام پر قید کر دیا گیا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیریوں کے ساتھ غیر انسانی اور تضحیک آمیز سلوک جاری ہے، بھارتی ریاستی دہشت گردی آج پہلے سے کہیں زیادہ سفاکانہ رخ اختیار کر گئی ہے، عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں جبر کو ختم کرنے کا کہہ رہے ہیں، نام نہاد بڑی جمہوریت کے دعوے دار بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔

وزیراعظم نے پیغام میں کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں کرفیو، ذرایع ابلاغ کے بلیک آؤٹ کے خاتمے، بھارت کے غیر قانونی اور یک طرفہ اقدامات کی منسوخی کا مطالبہ کرتا ہے، عالمی برادری امن و سلامتی کو لا حق خطرات کو روکنے میں کردار ادا کرے، ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام سے غیر متزلزل یک جہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاش اعوان نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیر بھارتی بربریت اور بہیمانہ مظالم سے بھرپور کہانی ہے، بھارت نے اپنے وعدے پورے کرنے یا ان کی تجدید نو کی بجائے وادی بھر میں دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 1989 سے لے کر اب تک مقبوضہ کشمیر میں ایک لاکھ سے زائد کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا بھارت کی تمام حکومتیں بندوق کی نوک پر کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کو دبانے کی کوشش کرتی رہی ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا  ہےکہ مقبوضہ کشمیرمیں 1989 سےاب تک ایک لاکھ شہادتیں ہوچکی ہیں، مقبوضہ کشمیرمیں 3 دہائیوں میں 11 ہزار خواتین کی عصمت دری کی گئی۔ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ کشمیر پربھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف آج دنیا بھرمیں یوم سیاہ منایاجا رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق دنیا بھرمیں پاکستانی سفارتی مشنزکو تقاریب کے لیے ہدایات جاری کی گئی ہیں، دنیا بھرمیں تنازع کشمیرکو اجاگرکرنے کے لیے تقاریب اور احتجاج کیا جائے گا۔ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ کشمیر یوں کی حق خود ارادیت کی 72سالہ جدوجہد کو اجاگر کیا جائے گا، دنیا کو تنازع کشمیرکی سنگینی سے متعلق ایک بار پھر باورکرایا جائے گا۔

 

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی آزادی ہمارا قومی نصب العین ہے، کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔احسن اقبال نے کہا کہ ن لیگ آج کشمیری بھائی بہنوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کرے گی، کشمیریوں کی آزادی ہمارا قومی نصب العین ہے۔مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ ملک بھرمیں کشمیریوں کی حمایت میں ریلیاں، جلوس نکالے جائیں گے، کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

 

Share This Article

تازه ترین