پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی کارروائیوں کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے 7 ماہ کے دوران 60 سے زائد بھارتی فوجی ہلاک کیئے ہیں جبکہ متعد د بنکرز بھی تبا کر دیئے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اس دوران پاک فضائیہ نے بھارت کے دو طیارے مار گرائےجب کہ بھارتی فوج نے اپنے ہی دو ہیلی کاپٹر بھی گرا دیئے۔ میجرجنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے بھارتی فوج کی آرٹلری گن پوزیشن کو بھی نقصان پہنچا کر انہیں جگہ تبدیل کرنے پر مجبور کیا ہے، بھارتی نیوی کو بھی مزاحمت کا سامنا ہے اس کے علاوہ ایل او سی پر 27 فروری سے اب تک 19 پاکستانی جوان شہید ہو ئے ہیں۔
بھارتی فوج کی جانب سے مسلسل ایل او سی کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے جس کا پاک فوج بھرپور جواب دے رہی ہے۔ اس کے علاوہ حال ہی میں بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر دہشت گردوں کے کیمپ تباہ کرنے کا غلط اور جھوٹا دعویٰ کیا تھا جس کے بعد پاکستان نے غیر ملکی سفیروں اور میڈیا نمائندوں کو لائن آف کنٹرول کا دورہ کرواکر بھارتی جھوٹ کو بے نقاب کیا۔
بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر کی جانے والی ہر اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جاتا ہے اور پاکستانی جوابی حملے کے جواب پر بھارتی فوج کے سربراہ کوءی نہ کوئی نیا دعویٰ کرتے ہوئے ایک نیا بیان جاری کرتے ہیں اور بعد میں ان دعووں کی قلعی کھل جانے پر اپنی ہی عوام اور میڈیا کے سامنے جھوٹے بنتے ہیں۔