کراچی سمیت سندھ کے بڑے شہروں میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی، اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا، فیصلہ چپ تعزیہ کے جلوس کے موقع پر حفاظتی اقدامات کے تحت کیا گیا۔
محکمہ داخہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی سمیت حیدر آباد، سکھر خیرپور، لاڑکانہ، شہید بے نظیر آباد، نوشہرو فیروز، جام شورو اور میرپور خاص سمیت تمام بڑے شہروں میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے، جس کا اطلاق آج رات 12 بجے سے 7 نومبر کی رات بجے تک ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے تحت ڈبل سواری پر پابندی کا فیصلہ چپ تعزیہ کے موقع پر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے طور پر لگائی گئی ہے، چپ تعزیہ کے جلوس 8 ربیع الاول (6 نومبر) کو سندھ سمیت ملک بھر میں نکالے جائیں گے۔
نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ خواتین، 12 سال سے کم عمر بچے، ضعیف اور معذور افراد، صحافی، قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکار، وردی میں ملبوس سیکیورٹی اہلکار اور لازمی سروس سے تعلق رکھنے والے اہلکار پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف قانون کی دفعہ 188 پی پی سی کے تحت مقدمہ کا اندراج کیا جائے۔
دوسری جانب آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے سندھ پولیس کو جاری ہدایات میں کہا ہے صوبے بھر اوربالخصوص کراچی میں آٹھ ربیع الاول کے روزبرآمد ہونے والے چپ تعزیہ کےجلوسوں، جلوسوں کے روٹس اور مرکزی اجتماع گاہوں پر سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات کو انتہائی ٹھوس مربوط اور غیرمعمولی بنایا جائے ۔