ایئرپورٹ سیکورٹی فورس نے اسمگلنگ کی دو کوششیں ناکام بنا دیں۔ چرس امرود اور گھر کی بنی مٹھائی میں چھپائی گئی تھی ۔
تفصیلات کے مطابق پشاور ایئر پورٹ پر اے ایس ایف نے کارروائی کرتے ہوئے امرود میں چھپا کر بیرون ملک چرس اسمگلنگ کرنے والے ضلع کرم کے رہائشی کو گرفتار کرلیا ۔
ذرائع نے بتایا کہ ملزم قومی ائیر لائن کی پرواز سے دوحہ جا رہا تھا،جس کی تلاشی پر امرود سے چرس نکل آئی، جس پر مسافر کو حراست میں لے لیا گیا۔
دوسرے واقعے میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر اے ایس ایف نے کارروائی کرتے ہوئے ایک اور منشیات اسمگلنگ کی کوشش نا کام بنا دی اور مسافر کو حراست میں لے لیا، مسافر پرواز ڈبلیو وائے 346 سے مسقط جا رہا تھا، جس سے 2 کلو 378 گرام چرس برآمد ہوئی۔
اے ایس ایف کے مطابق مسافر نے چرس گھر کی بنی ہوئی مٹھائی میں چھپا رکھی تھی، مسافر کا تعلق باجوڑ ایجنسی سے ہے، ملزم کو اے ایس ایف حکام نے قانونی کاروائی کے لیے اے این ایف کے حوالے کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر اے ایس ایف نے ایک مسافر کو حراست میں لیا تھا جو نمکو کے پیکٹس کے اندر تین کلو آئس ہیروئن چھپا کر اسمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا، صوابی کا رہایشی بختی رحمان سعودی عرب جا رہا تھا۔