پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 250 ملازمین کو تنخواہ دیے بغیر ملازمتوں سے فارغ کردیا ہے۔ ملازمتوں سے فارغ کیے جانے والے ملازمین گزشتہ دو ہفتوں سے تنخواہوں کی ادائیگی کے منتظر ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تنخواہ کی ادائیگی کے منتظر راولپنڈی ریجن کے کیوریٹر واجد حسین انتقال کر گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق انہیں گزشتہ تین ماہ سے تنخواہ ادا نہیں کی گئی تھی۔
ترجمان پی سی بی کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ واجد حسین کے انتقال پر افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے لواحقین کے لیے جو کرسکتے ہیں وہ ضرور کریں گے۔
جبکہ ترجمان کا دعویٰ ہے کہ تمام ملازمین کو آئندہ ایک دو دن میں تمام بقایاجات کی ادائیگی کردی جائے گی۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق ریجنز ختم ہونے کے بعد انسانی ہمدردی کے تحت ملازمین کو دو ماہ کا کانٹریکٹ دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کے مستقبل کے حوالے سے دیگر امور پر کام جاری ہے۔