مقامی ذرائع نے خبر دی ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما  نواز شریف کے بیرون ملک سفر سے متعلق ڈاکٹروں کی تجاویز حکومت کے ساتھ زیر غور ہیں ۔

شریف خاندان کے ذرائع نے مزید بتایا کہ ‘ڈاکٹروں کی رپورٹس کی روشنی میں حکومت کی جانب سے ایک، 2 روز میں نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے خارج کیے جانے کا امکان ہے، جس کے بعد وہ ملک سے باہر جاسکیں گے’۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ اگر نواز شریف کا نام ای سی ایل سے خارج کردیا گیا تو وہ اسی ہفتے لندن کے لیے روانہ ہوسکتے ہیں۔

ن لیگ کا مؤقف ہے  کہ ‘نواز شریف بیرون ملک جانے کے لیے رضامند نہیں تھے لیکن سروسز ہسپتال کے میڈیکل بورڈ اور شریف میڈیکل سٹی کے ڈاکٹروں کی تجاویز اور اہلِ خانہ کی درخواست کے بعد آخر وہ راضی ہوئے’۔

ذرائع نے بتایا کہ چوہدری شوگر ملز کیس میں ضمانت کے بعد لاہور ہائی کورٹ میں پاسپورٹ جمع کروانے کی وجہ سے مریم نواز والد کے ساتھ بیرون ملک نہیں جاسکیں گی۔

واضح رہے کہ اس وقت نواز شریف کے پلیٹلٹس کی تعداد 24 ہزار پر پہنچ چکی ہے اور ڈاکٹروں کے مطابق فضائی سفر کے لیے مریض کے پلیٹلیٹس 50 ہزار یا اس سے زائد ہونے چاہئیں۔

بیرون ملک سفر کے لیے نواز شریف کے پلیٹلیٹس کی تعداد 50 ہزار یا اس سے زیادہ ہونی چاہیے یا نہیں اس سوال کے جواب میں ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹر ان کے پلیٹلیٹس کی تعداد میں اضافے کے لیے دوا کی مقدار میں اضافہ کرسکتے ہیں تاکہ وہ سفر کرسکیں۔

خیال رہے کہ وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کا عندیہ دیا تھا اور کہا تھا کہ ‘اگر نواز شریف کے علاج کے لیے بیرون ملک جانا واحد آپشن ہے تو حکومت کوئی راستہ ڈھونڈ لے گی’۔

0 replies

Leave a Reply

Want to join the discussion?
Feel free to contribute!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے