سابق وزیراعظم نواز شریف کی رہائی پر ڈیل کے دعویدار وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔

ذرائع کے مطابق خالد محمود ایڈوکیٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرائی ہے جس میں وفاقی وزیر غلام سرور خان اور پیمرا کو فریق بنایا گیا ہے۔

عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ سرور خان نے ٹی وی چینل کے پروگرام میں دعوا کیا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی رہائی کسی ڈیل کے تحت ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر نے حکومت اور پاکستان مسلم لیگ ن کی ڈیل میں دیگر اداروں کا بھی ذکر کیا ہے۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ غلام سرور خان کو طلب کر کے ڈیل سے متعلق حقائق معلوم کیے جائیں اور ان سے پوچھا جائے کہ ڈیل پر عمل درآمد کرانے میں کس ادارے نے کردار ادا کیا؟

درخواست گزار نے مؤقف اپنایا ہے کہ عدالت کی جانب سے نواز شریف کی ضمانت منظور ہونے پر ایسا بیان توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔

انہوں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ وفاقی وزیر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دیا جائے۔

0 replies

Leave a Reply

Want to join the discussion?
Feel free to contribute!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے