امریکا کے کئی شہروں میں برفیلی ہواؤں کی وجہ سے درجہ حرارت انتہائی کم ہو گیا ہے جب کہ شدید سرد موسم کی وجہ سے اسکول بند اور کاروباری سرگرمیاں معطل ہوکر رہ گئیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق شدید سردی کا آغاز سائبیریا سے چلنے والی برفیلی ہواؤں سے ہوا جس سے امریکا کے کئی شہروں میں شدید برف باری ہوئی جہاں کنساس اور الینوئے میں روزانہ ریکارڈ برف باری دیکھنے میں آرہی ہے۔
امریکی محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ رواں ہفتے ہونے والے شدید برف باری سے کئی ریکارڈ ٹوٹ سکتے ہیں۔
برطانوی میڈیا کا بتانا ہےکہ خراب موسم کے باعث اب تک6 افراد جان سے جاچکے ہیں اور ایک ہزار سے زائد پروازیں بھی منسوخ ہوچکی ہیں جب کہ بعض علاقوں میں اسکولوں کو بند کردیا گیا ہے۔
امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق خون جمادینے والی ہواؤں کا سلسلہ مشرقی ساحل کی جانب پھیل رہا ہے۔
ریاست مشن گن میں بھی سڑکوں کی حالت خراب ہونے کی وجہ سے ٹریفک حادثے میں تین افراد ہلاک ہوئے۔
ریاست اوہایو میں کم ازکم 50گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے اور دو افراد جان کی بازی ہارگئے۔
واضح رہے امریکہ کے کئی شہروں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں انتہائی کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جہاں ریاست کنساس کی گارڈن سٹی میں درجہ حرارت منفی 17 ڈگری تک گر گیا جبکہ شکاگو میں 1986 کے بعد درجہ حرارت منفی 13 سے بھی نیچے گر گیا اور شہر میں پیر کے روز ریکارڈ برفباری بھی ہوئی تھی۔