وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف نے نوازشریف اور آصف زرداری کو این آر او دے کر کرسی بچائی لیکن میں ایسا نہیں کروں گا۔
میانوالی میں اسپتال کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنی کرسی بچانے نہیں تبدیلی لانے کے لیے آیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سابق صدرمشرف نے اپنی کرسی بچانے کیلئے ان سب کو این آراودیا لیکن مجھے اپنی کرسی بچانے کی کوئی فکر نہیں۔
عمران خان نےکہا کہ مجھے اپنی معاشی ٹیم پر فخر جس نے چار سال میں خسارہ ختم کیا، اب پاکستان میں ڈالر آ رہے ہیں، ہمارا راستہ ٹھیک ہوگیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب ہمیں حکومت ملی تو معاشی حالت بہت بری تھی لیکن اللہ کا شکر ہے ہمارا روپیہ 35 فیصد گرا ورنہ ڈالر کی قیمت 300 تک جا سکتی تھی کیوں کہ ہمارے پاس روپے کو بچانے کے لیے ذخائر ہی نہیں تھے۔
وزیراعظم نے کہا جب ان کی حکومت آئی تو بجلی میں ساڑھے 12سوارب روپے اور گیس میں 154ارب روپے کا خسارہ تھا لیکن ہم نے 4 سال میں پہلی بار کرنٹ اکاوَنٹ خسارہ ختم کیا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند ماہ میں ڈالر 4روپے سستا ہوا اور ہم ڈالر کی قدرمصنوعی طور پر کم نہیں کررہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کبھی بھی بلدیاتی نظام اچھا نہیں آیا لیکن ہم خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بہترین بلدیاتی نظام لانے والے ہیں جس کے تحت صوبوں میں فنانس کمیشن اور فنانس وارڈ بنےگا۔
سابق وزیراعظم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا جب نواز شریف کو جہاز کی سیڑھیاں چڑھتے دیکھا تو پھر ڈاکٹرز کی رپورٹ یاد آ گئی، رپورٹ میں تو تھا کہ مریض کو دل کا بھی مسئلہ ہے، کڈنی بھی خراب ہے، شوگر بھی بڑھی ہوئی ہے، مریض کو باہر جانے کی اجازت نہ دی تو وہ کسی بھی وقت گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سوچ رہا ہوں جہاز دیکھ کر مریض ٹھیک ہوا یا لندن کی ہوا لگتے ہی مریض ٹھیک ہو گیا، ابھی تک پتہ نہیں لیکن اس کی تحقیقات کرنے کی ضرورت ہے۔
عمران خان نے کہا کہ اسپتال میانوالی کے لوگوں کے لیے شروعات ہے، میانوالی کے لیے صحت، پانی کی اسکیموں کے لیے بہت پیسہ رکھا ہے اور پھر بچوں کے لیے تعلیم کا بندوبست کرنا ہے۔
میانوالی میں مانچسٹر کے بزنس مین انیل مسرت ایک نجی اسپتال بنا رہے ہیں، اس اسپتال کے بعد یہاں کے لوگوں کو علاج کے لیے کسی اور شہر جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔