قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کو نارووال کے اسپورٹس سٹی منصوبے میں مبینہ بدعنوانیوں سے متعلق کیس میں گرفتار کرلیا۔
واضح رہے کہ احسن اقبال کو اربوں روپے کے نارووال اسپورٹس سٹی پروجیکٹ سے متعلق کیس میں بیان ریکارڈ کروانے کے لیے نیب نے طلب کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق نیب میں آج احسن اقبال پیش ہوئے، جہاں بعد ازاں انہیں گرفتار کرلیا گیا۔
اس حوالے سے جاری نیب کے اعلامیے میں بتایا گیا کہ نیب راولپنڈی نے نارووال اسپورٹس سٹی کمپلیکس اسکینڈل میں رکن قومی اسمبلی احسن اقبال کو گرفتار کرلیا۔
واضح رہے کہ احسن اقبال پر نارووال اسپورٹ سٹی منصوبے کے لیے وفاقی حکومت اور پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کے فنڈز استعمال کرنے کا الزام ہے۔
نیب اعلامیے میں کہا گیا کہ احسن اقبال کے طبی معائنے کے لیے نیب نے ڈاکٹرز کی ٹیم کو طلب کرلیا ہے جبکہ ملزم کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے کل (24 دسمبر) کو احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے اپنی گرفتاری سے کچھ دیر قبل میڈٰیا سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا تھا کہ حکومت نیب کے ذریعے مخالفین کی کردار کشی کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس پر کیوں شفاف ٹرائل نہیں ہوتا لیکن جھوٹ بول کر مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
احسن اقبال نے نارووال منصوبے پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ کابینہ، پارلیمنٹ اور اکنامک کونسل سے منظوری لی گئی اور منصوبے کی مالیت میں اضافہ تعمیر میں تاخیر کی وجہ سے ہوا۔
انہوں نے کہا تھا کہ نیب نے جس وقت اس کا نوٹس لیا اس وقت 85 فیصد کام مکمل ہوچکا تھا اور 6 کروڑ روپے مالیت کی آسٹرو ٹرف منگوائی گئی تھی۔
تاہم احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اب اس منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے ڈھائی ارب روپے بھی ضائع کیے جارہے ہیں، نارووال کیا بھارت یا اسرائیل میں ہے۔