وزیر اعظم عمران خان کی بابراعوان کے ساتھ اہم امور پر ملاقات ہوئی جس میں انھوں نے کہا ہے کہ وہ ملکی ادارے اتنے مضبوط کر دیں گے جتنے پہلے کبھی نہیں ہوئے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس میں بابر اعوان نے وزیر اعظم عمران خان کو مختلف آئینی، قانونی اور سیاسی امور پر بریفنگ بھی دی، بابر اعوان نے کہا کہ حکومت نے معاشی حالات میں بہتری کے لیے جو اقدامات اٹھائے ہیں وہ بر وقت ہیں، قومی اور عالمی سطح پر معیشت کے مثبت اعشاریے بھی حوصلہ افزا ہیں، حالات میں بہتری کے ثمرات عوام تک جلد پہنچ جائیں گے۔
ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے حکومتی ترجیحات پر گفتگو کی، انھوں نے کہا کہ وہ ادارے اتنے مضبوط کر دیں گے جتنے پہلے کبھی نہیں ہوئے، ٹرانسپیرنسی، احتساب، شفافیت اور ریفارمز ان کی سب سے بڑی ترجیحات ہیں۔
اداروں سے متعلق عمران خان کا کہنا تھا کہ اداروں کا نام ریاست بھی ہے اور جمہوریت بھی، بڑے کرپٹ جب ملک لوٹیں گے تو پکڑے بھی جائیں گے، احتساب کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح و بہبود بھی حکومت کی ترجیح ہے، جس کے لیے احساس پروگرام لایا گیا، اس کے تحت نچلے طبقے کو اوپر اٹھائیں گے۔
خیال رہے کہ آج وزیر اعظم عمران خان احساس کفالت پروگرام کا افتتاح کریں گے، پروگرام کے تحت بیوہ خواتین سمیت نادارافراد کی مالی امداد اور انتہائی مستحق افراد کو 2 ہزار روپے ماہانہ رقم دی جائے گی۔