پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان تمام فضائی رابطے فوری طور پر بند کیے جا رہے ہیں۔
سول ایوی ایشن کے جاری کردہ ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فی الحال یہ پابندی دو فروری تک نافذ العمل رہے گی، جس کے بعد اس پر نظرِ ثانی کی جا سکتی ہے۔
سول ایوی ایشن کے نوٹیفیکیشن میں اس پابندی کی وجہ تو بیان نہیں کی گئی ہے، تاہم یہ اقدام ایسے وقت میں اٹھایا گیا ہے جب چین میں کورونا وائرس کی وبا کے سبب 213 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں چین کے ساتھ فضائی رابطے منقطع کرنے والا پاکستان پہلا ملک نہیں ہے۔
اس سے قبل افریقہ کی چار ایئرلائنز نے جمعے کو چین کی فلائٹس منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
کینیا کی قومی ایئرلائن کینیا ایئرویز، روانڈا کی روانڈ ایئر، میڈاگاسکر کی ایئر میڈاگاسکر، ماریشیئس کی ایئر ماریشیئس، اور مراکش کی رائل ایئر ماروک نے چین تک اپنی فلائٹس معطل کر دی ہیں جہاں اب تک کورونا وائرس کی وجہ سے کم از کم 213 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
اس کے برعکس ایتھوپیئن ایئرلائنز نے اعلان کیا ہے کہ وہ چین کے ساتھ اپنا فضائی آپریشن جاری رکھے گی۔
ایئرلائن حکام نے کہا ہے کہ وہ چینی حکام کے ساتھ مل کر اپنے ‘مسافروں اور عملے کو محفوظ’ رکھنے کے لیے کام کر رہے ہیں