ایران میں دہ فجر یعنی عشرہ فجر اور عظیم اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کی تقریبات جاری ہیں اور تمام ایران میں جشن کا سماں ہے۔
ایران کا اسلامی انقلاب ایک ایسا انقلاب ہے جو دنیا میں بے مثال ہے، اسلامی انقلاب ایران میں رونما ہوا ہے، لیکن اس کا پیغام پورے عالم اسلام اور دنیا کے لئے ہے۔ اسلامی انقلاب کے بانی حضرت امام خمینی رح جب ایران تشریف لائے تو عوام نے آپ کا فقیدالمثال استقبال کیا ہے، اور ایران کے عوام نے امام خمینی رح کی آواز پر لبیک کہہ کر اسلامی انقلاب کو کامیابی سے ہمکنار کیا اور اسلامی انقلاب کی برکات سے اب سب مستفیض ہورہے ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران میں آج رات ایرانی عوام جشن منانے میں مشغول نظر آئیں گے۔ جبکہ کل جشن آزادی کی ریلیوں میں بھر پورشرکت کر کے ایک بار پھر بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رح کی امنگوں اور رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے تجدید عہد اور امریکہ،اسرائیل اور عالمی سامراج سے نفرت و بیزاری کا اظہارکریں گے۔ گیارہ فروری کے دن نکالے جانے والے جلوسوں میں ایرانی عوام کی شرکت ان کامیابیوں کے لئے ہوگی جو ایرانی قوم نے سفارتی ، اقتصادی، سائنسی اور سیاسی شعبوں میں علاقائی اور عالمی سطح پرحاصل کی ہیں۔