پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں قائم انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے کالعدم تنظیم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کو دو مقدمات میں مجموعی طور پر 11 برس قید بامشقت کی سزا سنا دی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق حافظ سعید کے علاوہ ان کی تنظیم کے رہنما ظفر اقبال کو بھی دو مقدمات میں 11 برس قید کی سزا سنائی ہے۔ حافظ محمد سعید اور اُن کے ساتھی ظفر اقبال پر دہشت گردی کے لیے رقم جمع کرنے یعنی غیر قانونی فنڈنگ کرنے اور کالعدم تنظیم کے رکن ہونے کے الزامات ثابت ہوئے ہیں۔

عدالت نے لاہور اور گوجرانوالہ میں درج مقدمات میں ملزمان کو الگ الگ ساڑھے پانچ برس قید کی سزا سنائی ہے جبکہ ان پر پندرہ پندرہ ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔جج ارشد حسین بھٹہ نے حافظ سعید کو انسداد دہشت گردی کی دفعہ الیون ایف ٹو اور 11 این کے تحت سزا سنائی۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے حکم دیا کہ دونوں سزاؤں پر عمل درآمد ایک ساتھ شروع ہو گا۔

قانونی ماہرین کے مطابق اس فیصلے کے خلاف قانونی داد رسی کے لیے مجرمان کے پاس اپیل کا حق ہے اور یہ اپیل متعلقہ ہائیکورٹ میں دائر کی جا سکتی ہے جس پر ہائیکورٹ کے ججوں پر مشتمل دو رکنی بنچ سماعت کرے گا۔

یاد رہے کہ حافظ سعید سمیت ان کی تنظیم کے دیگر رہنماؤں پر غیر قانونی فنڈنگ کے الزام میں دسمبر 2019 میں فرد جرم عائد کی گئی تھی اور اس موقع پر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے اپنے خلاف الزامات کو بےبنیاد قرار دیا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ یہ الزام عالمی دباؤ کی وجہ سے لگایا گیا ہے۔

0 replies

Leave a Reply

Want to join the discussion?
Feel free to contribute!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے