گلوبل انوائرنمنٹل لیب نے رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق کیماڑی کی فضاء میں زہریلی گیسوں کی مقدار حد سے تجاوز کرگئی ہے۔
سندھ انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی سے منظورہ شدہ لیبارٹریز میں شامل گلوبل انوائرنمنٹل لیب نے کیماڑی کی فضاء میں آلودگی کی پیمائش کی رپورٹ جاری کی ہے، جس کے مطابق سلفر ڈائی آکسائیڈ اور ہائیڈروجن سلفائیڈ کی مقدار متاثرہ علاقے میں مقررہ حد سے کہیں زیادہ شامل ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فضاء میں سلفر ڈائی آکسائیڈ کی حد 120 ہے جبکہ کیماڑی کی فضاء میں اس کی مقدار 1420 ریکارڈ کی گئی۔ گلوبل انوائرنمنٹ لیب کے مطابق فضاء میں ہائیڈروجن سلفائیڈ ہونی ہی نہیں چاہئے تاہم کیماڑی میں پائی جانیوالی زہریلی گیسوں میں اس کی مقدار بھی 661 ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ کے مطابق فضاء میں موجود پارٹیکولیٹ میٹرز کی حد 150 ہونی چاہئے تاہم متاثرہ علاقے میں اس کی مقدار 1155 پائی گئی۔
یاد رہے کراچی کے علاقے کیماڑی میں مشبتہ زہریلی گیس سے اب تک 14 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ 500 سے زائد افراد متاثر ہوئے، 100 سے زائد افراد اب بھی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔