وزیر اعظم عمران خان نے بھارت میں ہونے والے فسادات میں مسلمانوں کو نشانہ بنائے جانے پر عالمی برداری سے لازمی ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پاکستانی شہریوں کو پیغام دیا ہے کہ ’آگاہ رہو! پاکستان میں اگر کسی نے بھی غیر مسلم شہریوں پر ہاتھ اٹھانے کی کوشش کی یا کسی عبادت گاہ کی جانب بری نظر سے دیکھا تو نہایت سختی سے پیش آئیں گے، ہماری اقلیتیں اس ملک کی برابر کی شہری ہیں‘۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ’آج ہم جوہری صلاحیت کی حامل ایک ارب سے زائد انسانوں پر مشتمل ریاست بھارت کو نازی ازم کی وارث آر ایس ایس کے ہاتھوں میں گرتا دیکھ رہے ہیں، نفرت کی بنیاد پر نسل پرستانہ نظریات کا حامل گروہ جب بھی غالب آتا ہے، قتل و غارت گری اور خونریزی کے دروازے کھل جاتے ہیں‘۔
بھارتی دارالحکومت میں ہونے والے فسادات میں 20 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ متعدد زخمی ہیں، اس دوران ہندو انتہا پسندوں نے مسلمانوں کی املاک کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ مساجد کو بھی نقصان پہنچایا۔