لاہور کی پنجاب یونیورسٹی میں اسلامی جمعیت طلباء اور پختون اسٹوڈنٹس کونسل کے درمیان ہونے والے جھگڑے کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔
لاہور پولیس کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر میں 13 نامزد اور 40 سے زائد نامعلوم افراد بھی شامل ہیں۔ پولیس نے یونیورسٹی ہاسٹل میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے 10 طلبہ کو گرفتار کر لیا جبکہ ایف آئی آر میں نامزد طالب علم مفرور ہیں۔
پنجاب یونیورسٹی میں ہونے والے جھگڑے میں 4 طلبہ اور 12 سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوئے تھے، نامزد اور نامعلوم طلبہ کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔ دوسری جانب پنجاب یونیورسٹی کے سیکیورٹی گارڈز نے ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے، جن کا کہنا ہے کہ ذمے دار طلبہ کے خلاف تسلی بخش کارروائی نہیں کی گئی۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کینٹین میں بیٹھے جمعیت اور پختون کونسل کے طلبہ ایک دوسرے پر کرسیاں پھینک رہے ہیں۔