وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی وجہ سے کورونا وائرس کیسز چھپانے کی بات 200 فیصد غلط ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک سے آنے والے ایسے افراد جن میں علامات پائی جائیں انہیں کس طرح علیحدہ کرنا ہے اور باقی افراد کے لیے کیا تاکید اور دیکھ بھال کرنی ہے اس کے لیے ایس او پیز تشکیل دیے جاچکے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جس طرح صوبائی اور وفاقی سطح پر مل کر کام کیا جارہا ہے اس کے اچھے نتائج نکلیں گے۔
سندھ اور بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کے تناظر میں اسلام آباد میں چھٹیوں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ابھی صورتحال ایسی نہیں کہ ہم وفاقی دارالحکومت کے اسکولز میں چھٹیوں کی تجویز دیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومتیں خودمختار ہیں وہ اپنے عوام کی بہتری کو مدِ نظر رکھتے ہوئے جو فیصلہ کریں ہمیں اس پر اعتراض نہیں۔
عوام کے لے پیغام دیے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں سب سے خطرناک چیز یہ ہوسکتی ہے کہ آپ بہت زیادہ پریشان ہوجائیں اور بلا ضرورت ماسک (کا استعمال) اور دیگر اقدامات کریں۔
انہوں نے چند سادہ سی تجاویز دیں جس کے مطابق اگر آپ نے حال ہی میں وائرس سے متاثرہ کسی ملک کا دورہ کیا ہے تو اپنے آپ کو 14 روز الگ تھلگ رکھیں اور اپنی علامات پر توجہ دیں، اگر بخار، سانس میں تکلیف یا کھانسی محسوس ہو تو کورونا کے لیے قائم خصوصی ہیلپ لائن 1166 پر رابطہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی ایسے شخص سے واقف ہوں جس نے حال ہی میں سفر کیا ہو اور اس میں یا اس کے قریبی افراد میں ایسی کوئی علامات محسوس ہوں تو اس صورت میں بھی ہیلپ لائن سے رابطہ کیا جائے۔