شفقنا اردو: وزیر اعظم عمران خان کے ’ڈیجیٹل پاکستان‘ اقدام کی سربراہ ایدروس تانیہ نے اعلان کیا ہے کہ حکومت نے کورونا وائرس کے پیش نظر مشترکہ خدشات کو دور کرنے اور وائرس سے متعلق معلومات دینے کے لیے ایک ‘چیٹ بوٹ’ شروع کیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق چیٹ بوٹ انفیکشن کی تشخیص کے لیے آن لائن معلومات فراہم کرے گا اور صحت سے متعلق ہنگامی اقدامات کو مزید بہتر بنانے میں معاون رہےگا۔

گوگل کے سابق ایگزیکٹو ثانیہ ایدروس نے ٹوئٹ میں کہا کہ ‘ہماری ٹیم پاکستانیوں تک معلومات تک پہنچانے کے لیے ایک موثر طریقہ تیار کار اپنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‘ہم نے کورونا وائرس پر عام خدشات کو دور کرنے کے لیے ایک چیٹ بوٹ شروع کیا ہے، آپ اپنی قریب لیب سے کورونا وائرس سے متعلق کسی بھی خدشے کو فوری ٹیسٹ کی مدد سے دور کرسکتے ہیں’۔

ثانیہ ایدروس نے عوام سے چیٹ بوٹ کو ایک مرتبہ آزمانے کی درخواست کی۔

واضح رہے کہ چیٹ بوٹ تک رسائی کے لیے صارف فیس بک پر وزارت نیشنل ہیلتھ سروس کے پیج پر پیغام ارسال کرسکتا ہے۔

صارف چیٹ بوٹ پر اردو اور انگریزی زبان میں کورونا وائرس سے متعلق معلومات حاصل کرسکتا ہے۔

اس ٹیکنالوجی کی مد سے علامات کی تشخیص، وائرس سے محفوظ رکھنے کے طریقوں، خطرات کی نشاندہی اور کورونا وائرس ٹیسٹ کے لیے قریب ترین لیبارٹری کے بارے میں معلومات دینے کی صلاحیت ہوگی۔

چیٹ بوٹ مصنوعی ذہانت سے چلتی ہے جو وائرس کے بارے میں بنیادی سوالات کے جوابات دیتی ہے اور اگر کوئی صارف اس بات کا جائزہ لینا چاہتا ہے کہ آیا اسے کورونا وائرس ٹیسٹ کی ضرورت ہے یا نہیں، تو چیٹ بوٹ ‘آپ کو بخار 100 سے اوپر ہے؟’ جیسے دیگر سوالوں پر مبنی معلومات کی بنیاد پر تجویز کرےگا۔

ثانیہ ایدروس نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ‘ڈیٹا اور ٹکنالوجی’ کا استعمال کررہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ‘ہم کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ڈیٹا اینالٹیکس تکنیک اور جدید ٹیکنالوجی استعمال کررہے ہیں، ہم فرسٹ لائن سے ڈیٹا کلیکشن کو جدید بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، ہمارے پاس پاکستان کے کچھ بہترین کوڈ فارپاکستان انجینئر موجود ہیں جو رضاکارانہ خدمات انجام دے رہے ہیں’۔

ڈیجیٹل پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ عوام کو کورونا وائرس سے متعلق تمام ڈیٹا تک رسائی کے لیے ایک قومی ڈیش بورڈ تشکیل دیا گیا ہے۔

واضح رہے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کی سرکاری ویب سائٹ پر ڈیش بورڈ تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے۔

ثانیہ ایدروس نے ٹیکنالوجی میں معاونت دینے والوں کا شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ 16 مارچ تک سندھ میں کورونا وائرس کے 47 نئے کیسز کی تصدیق ہوگئی تھی جبکہ خیبر پختونخوا میں بھی 15 کیسز سامنے آگئے تھے جس کے بعد ملک میں مجموعی تعداد 184 تک پہنچ گئی ہے۔

محکمہ صحت سندھ کی ترجمان میران یوسف نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ سکھر میں تفتان سے آنے والے زائرین میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 119 ہوگئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں کورونا کے 30 کیسز اور حیدر آباد میں ایک کیس سامنے آیا ہے جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی کُل تعداد 150 ہوچکی ہے۔