شفقنا اردو: دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے اور یہ تعداد 916 تک پہنچ چکی ہے جبکہ اس عالمی وبا سے پنجاب میں پہلی ہلاکت بھی سامنے آگئی۔
پنجاب میں اس پہلی ہلاکت کے بعد ملک میں مجموعی اموات کی تعداد 7 جبکہ پنجاب میں مزید 16 کیسز، سندھ میں مزید 13 کیسز اور گلگت بلتستان میں مزید 9 کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 916 ہوگئی۔
سندھ
سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 13 نئے کیسز آگئے جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 407 ہوگئی۔
اس حوالے سے محکمہ صحت سندھ کی ترجمان میران یوسف نے بتایا کہ نئے آنے والے کیسز میں 8 کراچی سے ہیں جو مقامی سطح پر منتقل ہوئے جبکہ دیگر 5 کیسز ایران سے سکھر آنے والے زائرین کے ہیں۔
مریضوں کی مزید تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں سکھر کے سوا دیگر صوبے میں 142 کیسز ہیں جس میں سے 141 کیسز کراچی اور ایک دادو سے ہے، جس میں سے 4 صحت یاب ہوچکے ہیں اور 137 زیر علاج ہیں۔
ان 141 کیسز میں 90 کیسز ایسے ہیں جو مقامی سطح پر منقل ہوئے۔
علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ دیگر کیسز تفتان سے سکھر آنے والے زائرین ہے، جس میں 265 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جبکہ 3 ہزار 149 افراد کے نتائج منفی آئے ہیں۔
پنجاب میں پہلی ہلاکت
اس سے قبل وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے ٹوئٹ میں ایک مریض کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ بدقسمتی سے کورونا وائرس کا شکار 57 سالہ شخص میو ہسپتال میں زندگی کی بازی ہار گیا۔
انہوں نے لکھا کہ یہ پورے ملک کے لیے مشکل وقت ہے، اس وبا سے لڑنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ گھروں میں رہیں اور حفاظتی تدابیر پر عمل کریں۔
ادھر پنجاب میں مزید 16 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
اس بارے میں صوبائی محکمہ صحت کے ترجمان قیصر آصف کا کہنا تھا کہ ان 16 نئے کیسز کے بعد متاثرین کی تعداد 265 ہوگئی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کیسز میں 176 وہ زائرین ہیں جو ایران سے پاکستان آئے، اس کے علاوہ 59 کیسز لاہور، 2 ملتان، 2 راولپنڈی، 12 گجرات، 3 جہلم، 7 گوجرانوالہ اور ایک ایک فیصل آباد، منڈی بہاالدین، رحیم یار خان اور سرگودھا سے ہے۔
اس وائرس سے ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد916 تک جاپہنچی ہے جبکہ 7 افراد انتقال بھی کرچکے ہیں، جس میں حالیہ انتقال کے سوا دیگر 3 کا تعلق خیبرپختونخوا، ایک کا سندھ، ایک کا گلگت بلتستان اور ایک بلوچستان سے ہے۔
اگر ملک میں مجموعی تعداد پر نظر ڈالیں تو اس وائرس سے سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہے جہاں متاثرین کی تعداد 407ہے جبکہ پنجاب 265 متاثرین کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
اسی طرح بلوچستان میں 110 افراد جبکہ خیبرپختونخوا میں 38 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔
مزید برآں اسلام آباد میں 15 اور آزاد کشمیر میں ایک شخص متاثر ہے۔
مزید پڑھیں: کورونا وائرس: آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں میں فوج طلب
اگر تازہ اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گلگت بلتستان میں 9 مزید کیسز رپورٹ ہونے سے علاقے کے متاثرین کی تعداد 80 ہوگئی۔
پاکستان کی مجموعی صورتحال
کورونا وائرس کے باعث اگر پاکستان کی مجموعی صورتحال کی بات کریں تو اس عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے چاروں صوبوں، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں سول انتظامیہ کی مدد کیلئے فوج تعینات کردی گئی ہے۔
اگرچہ وزیراعظم عمران خان ملک بھر میں مکمل لاک ڈاؤن سے انکار کرچکے ہیں تاہم صوبوں اور دیگر علاقوں کی جانب سے اپنی حدود میں لاک ڈاؤن اور مختلف طرح کی پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔
وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ سندھ کی بات کریں تو یہاں 23 مارچ سے 15 روز کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کا آغاز ہوچکا ہے۔
اس لاک ڈاؤن کے دوران تمام کاروباری مراکز، شامنگ مالز، نجی و سرکاری دفاتر، پارکس، ٹرانسپورٹ، دکانیں بند ہیں، بلاضرورت گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہے جبکہ رسٹورنٹس کو بھی مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے، ساتھ ہی ڈبل سواری پر بھی پابندی لگادی گئی ہے۔
صوبہ پنجاب کی بات کریں تو وہاں بھی ایک طرح کا ‘لاک ڈاؤن’ ہی ہے تاہم سرکاری حکام اسے لاک ڈاؤن کا نام نہیں دے رہے لیکن اس 14 روزہ پابندیوں کے دوران تمام شاپنگ مالز، بازار، نجی و سرکاری ادارے، پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس، پارکس، سیاحتی مقامات بند رہیں گے جبکہ ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔