نیپال نے بھارت کے ‘جھوٹے پروپیگنڈے’ پر ردعمل دیتے ہوئے ملک میں بھارتی نیوز چینلز کی نشریات بند کردیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ‘اے ایف پی’ کے مطابق ایک آپریٹر نے کہا کہ یہ اقدام بھارتی چینلز پر وزیر اعظم کے پی شرما اولی کے خلاف قابل اعتراض مواد نشر کرنے پر عوامی شکایات کے ردعمل میں اٹھایا گیا ہے۔

نیپال میں بھارتی چینلز کی نشریات ‘زی نیوز’ کی اس رپورٹ کے کئی روز بند کی گئیں کہ کے پی شرما اولی کے نیپال میں چینی سفیر سے قریبی تعلقات تھے، جنہوں نے اولی کی نیپال کمیونسٹ پارٹی کے متعدد رہنماؤں سے ملاقات کی۔

میکس ڈیجیٹل ٹی وی کے نائب چیئرمین دُھربا شرما نے بتایا کہ ‘ہم بھارتی چینلز کی طرف سے ہمارے ملک کے خلاف قابل اعتراض نشر کرنے کے بعد انہیں بند کرنا اپنی اخلاقی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔’

ڈِش میڈیا نیٹ ورک کے منیجنگ ڈائریکٹر سُدوپ آچاریا کا کہنا تھا کہ ان کی کمپنی نے ناظرین کی شکایات کے بعد ان چینلز کو بند کیا۔

قبل ازیں نیپال کے وزیر خزانہ یوبراج کھاٹیواڈا نے ‘کردار کشی’ پر مبنی بھارتی نشریات کی مذمت کی تھی۔

انہوں نے پریس بریفنگ کے دوران کہا تھا کہ ‘ہم پڑوسی ملک سمیت تمام میڈیا سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ایسی خبریں نشر نہ کریں جس سے ہمارے ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچے۔’

کٹھمنڈو پوسٹ نے جمعہ کو اپنے اداریہ میں بھارتی نیوز چینلز پر سخت الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ وہ شرما اولی کے خلاف نیا اور انتہائی جھوٹا پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔

بھارتی چینلز پر کورونا وائرس کا استعمال کرتے ہوئے نیپال میں اسلام مخالف مواد پیش کرنے کا الزام بھی لگایا گیا، تاکہ ملک میں 4 فیصد آبادی والی اقلیت کے خلاف نفرت پیدا کی جائے اور نقص امن کا خطرہ پیدا ہو۔

منبع: ڈان نیوز

0 replies

Leave a Reply

Want to join the discussion?
Feel free to contribute!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے