وزیراعظم عمران خان نے صوبوں کو ہدایت کی ہے کہ گندم اور آٹے کی ذخیرہ اندوزی اور ملاوٹ کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا جائے تاکہ مارکیٹ میں اس کی مناسب داموں دستیابی کو یقینی بنایا جاسکے۔
وزیراعظم ہاؤس میں آٹے اور گندم کی قیمتوں اور دستیابی کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی سربراہی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ملک میں گندم کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کیا جانا چاہیے‘۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی دکانداروں کو اپنی دکانوں کے باہر 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمتیں آویزاں کرنے کا پابند کیا جائے۔
اس کے علاوہ انہوں نے صوبوں کے درمیان بہتر تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا تا کہ ملک بھر میں آٹے اور گندم کی قیمتوں میں یکسانیت لائی جاسکے۔
اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی شہباز گل اور وفاقی وزرا سید فخر امام اور حماد اظہر نے بھی شرکت کی۔
دفتروزیراعظم سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں چینی کی قیمت اور اس کی مارکیٹ میں دستیابی کا بھی جائزہ لیا گیا، چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا نے وزیراعظم کو گندم اور آٹے کی افغانستان اسمگلنگ روکنے کے لیے بریفنگ دی اور سیکریٹری پنجاب نے شرکا کو بتایا کہ صوبے میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 860 روپے کا دستیاب ہے۔
منبع: ڈان نیوز