پاکستان میں مہلک کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں ٹھہراؤ دیکھا جارہا ہے اور گزشتہ کئی روز سے یومیہ کیسز اور اموات کی تعداد کم ہوئی ہے۔
ملک میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 63 ہزار 496 اور اموات 5 ہزار 568 ہوگئیں جبکہ 2 لاکھ 4 ہزار 276 افراد صحتیاب ہوگئے۔
آج (19 جولائی) کی صبح تک ملک میں کورونا وائرس کے مزید 462 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 15 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 5 ہزار 767 افراد شفایاب ہوگئے۔
واضح رہے کہ ملک میں شفایاب ہونے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اب تک 75 فیصد سے زائد مریض مکمل صحتیاب ہوچکے ہیں۔
ملک میں اس عالمی وبا کو تقریباً 5 ماہ کا عرصہ گزرچکا ہے اور اس دوران وائرس کے کیسز میں بتدریج اضافہ ہوا تاہم اب تعداد میں کمی سامنے آرہی ہے جس کی ایک وجہ ٹیسٹنگ میں کمی ہونا بھی ہے۔
26 فروی کو ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سب سے بڑے شہر کراچی میں رپورٹ ہوا اور اس کے بعد پورے ملک سے کیسز سامنے آنے لگے۔
پہلے کیس سے لے کر 31 مارچ تک ملک میں لگ بھگ 2 ہزار کیسز اور 26 اموات تھیں، جو اپریل کے آخر تک بڑھ کر 385 تک پہنچیں جبکہ کیسز ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے۔
مئی میں کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا اور 31 تاریخ تک ملک میں 71 ہزار سے زائد کیسز اور 1500 سے زیادہ اموات تھیں، اس کے بعد جون کا مہینہ صورتحال کو مکمل تبدیل کرگیا اور ایک ماہ میں کیسز بڑھ کر 2 لاکھ 12 ہزار اور اموات 4300 سے تجاوز کرگئیں۔
جولائی کے مہینے میں گزشتہ 18 روز کے دوران 50 ہزار سے زائد کیسز اور 1200 سے زیادہ اموات سامنے آچکی ہیں۔
آج (19 جولائی) کو کیسز اور اموات کی تعداد کچھ اس طرح رہی۔
پنجاب
صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد کافی کم ہوگئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں وہاں 328 نئے کیسز اور 12 اموات رپورٹ ہوئیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق پنجاب میں ان نئے 328 مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 89 ہزار 793 تک پہنچ گئی۔
اس کے علاوہ وہاں 12 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، یوں مجموعی اموات 2 ہزار 79 تک جاپہنچیں۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس نے مزید 72 افراد کو متاثر کیا۔
سرکاری سطح پر سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 72 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد مجموعی تعداد 14 ہزار 576 تک پہنچ گئی۔
آزاد کشمیر
ملک میں ابتدا میں کم کیسز کا سامنا کرنے والے آزاد کشمیر، میں اب کیسز میں کچھ اضافہ دیکھا جارہا ہے اور وہاں مزید 48 افراد متاثر ہوئے جبکہ ایک اور فرد زندگی کی بازی ہار گیا۔
پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں 48 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی اور مجموعی کیسز کی تعداد ایک ہزار 8 سو 88 تک پہنچ گئی۔
مزید برآں ایک اور فرد وہاں انتقال کرگیا جس سے اب تک آزاد کشمیر میں کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد 47 تک پہنچ گئی۔
گلگت بلتستان
ملک میں اس وقت سب سے کم متاثر علاقے گلگت بلتستان میں مزید 11 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 2 فرد جان کی بازی ہار گئے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان 11 افراد کے متاثر ہونے کے بعد گلگت بلتستان میں کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد ایک ہزار 807 ہوگئی۔
اس کے علاوہ مزید 2 افراد کے انتقال سے مجموعی اموات 41 تک جاپہنچیں۔
صحتیاب افراد
تاہم ملک میں جہاں کیسز کی تعداد میں کمی آرہی ہے وہیں صحتیاب افراد کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 5 ہزار 767 افراد ایسے تھے جو وائرس سے مکمل صحتیاب ہوگئے۔
اس نئی تعداد کے بعد ملک بھر میں مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 4 ہزار 276 تک پہنچ گئی۔
مجموعی صورتحال
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:
مصدقہ کیسز: 263496
اموات: 5568
صحتیاب: 204276
فعال کیسز: 53652
ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 12 ہزار 118 ہیں تو وہیں پنجاب میں یہ تعداد 89 ہزار 793 تک کیسز پہنچ چکی ہے۔
صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 31 ہزار 890 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 424 ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 14 ہزار 576، آزاد کشمیر میں 1888 اور گلگت بلتستان 1807 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔
ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:
پنجاب:2079
سندھ: 1974
خیبرپختونخوا: 1139
بلوچستان: 131
اسلام آباد: 157
آزاد کشمیر: 47
گلگت بلتستان: 41
پاکستان میں کورونا وائرس کیسز اور اموات
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔
تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ 60 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات ساڑھے 5 ہزار سے زائد ہیں۔
منبع: ڈان نیوز