چین نے جنوب مغربی شہر چینگدو میں امریکی قونصل خانے کو بند کرتے ہوئے عمارت کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق امریکا کی جانب سے ہیوسن میں چین کا قونصل خانہ بند کیے جانے کے بعد چین نے جوابی اقدام کرتے ہوئے امریکا کو چینگدو میں سفارتخانہ بند کرنے کا حکم دیا تھا۔
دونوں معاشی طاقتوں کے درمیان اس وقت ڈرامائی انداز میں تناؤ میں اس وقت اضافہ ہوا تھا جب گزشتہ منگل کو امریکی شہر ہیوسٹن کے قونصل خانے میں ملازمین کو صحن کے احاطے میں دستاویزات جلاتے ہوئے دیکھا گیا تھا جس کے بعد انہیں قونصل خانہ چھوڑنے کا حکم دیا گیا تھا۔
چین کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ "صوبہ سچوان میں چینگدو میں واقع امریکی قونصل خانے کو پیر کی صبح دس بجے تک بند کردیا گیا تھا اور چینی حکام سامنے والے دروازے سے اس عمارت میں داخل ہوگئے تھے۔
جمعہ کے روز بیجنگ نے اعلان کیا کہ اس نے امریکا سے اپنا چینگدو قونصل خانہ بند کرنے کو کہا ہے اور امریکیوں کو اسے خالی کرنے کے لیے 72 گھنٹے کا وقت دیا ہے جاں امریکا نے چین کو بھی اپنا ہیوسٹن کا قونصل خانہ چھوڑنے کے لیے اتنا ہی وقت دیا تھا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے رائٹرز کو ای میل میں بتایا کہ ہم چینی کمیونسٹ پارٹی کے فیصلے سے مایوس ہیں اور چین میں اپنی دوسری پوسٹوں کے ذریعے اس اہم خطے میں لوگوں تک پہنچنے کی کوشش کریں گے۔
منبع: ڈان نیوز