شفقنا اردو: عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نظر پاکستان بھر میں احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ عیدالاضحیٰ منائی جا رہی ہے۔
ملک بھر کے مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی میں مصروف ہیں تاہم عیدالفطر کی طرح عیدالاضحیٰ پر بھی حکومت کی جانب سے جاری کردہ اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) کو مدنظر رکھا گیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں نمازِ عید کی ادائیگی کے لیے روح پرور اجتماعات منعقد کیے گئے۔
اسلام آباد میں فیصل مسجد میں نمازِ عید کا سب سے بڑا اجتماع منعقد ہوا، لاہور کے گورنر ہاوس ، باغ جناح ، بادشاہی مسجد سمیت بیشتر مساجد اور دیگر مقامات پر عید کی نماز ادا کی گئی۔
کوئٹہ میں 180 سے زائد مقامات پر نماز عید کے اجتماعات ہوئے جن میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر امت مسلمہ کی فلاح و بہبود اور پاکستان کی ترقی، خوشحالی، سلامتی اور کورونا وائرس کی وبا کے خاتمے کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں عید کی نماز پڑھی۔ گورونر سندھ نعمران اسمٰعیل نے گورنر ہاؤس کی مسجد جبکہ گورنر پنجاب چوہدری سرور، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور دیگر نے بھی سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے گورنر ہاؤس لاہور میں عید کی نماز پڑھی۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور دیگر وزرا نے گورنر ہاوس پشاور میں نماز عید ادا کی، اس موقع پر صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی اور دیگر افراد بھی موجود تھے۔
نماز عید کی ادائیگی کے بعد ملک کے ہر حصے میں سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کی جارہی ہے۔
کورونا وائرس کے باعث کراچی میں سڑکوں پر جانوروں کی قربانی کی اجازت نہیں ہے اور صرف حکومت سندھ کی جانب سے مختص کیے گئے ذبیحہ پوائنٹس پر ہی قربانی کی اجازت ہے تاکہ صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جاسکے اور عید الاضحی کے موقع پر آلائشیں ہٹانے کا کام آسانی سے انجام دیا جاسکے۔
علاوہ ازیں اسلام آباد میں وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے عید کے موقع پر قبرستان اور مزارات بھی بند ہیں۔
ملک بھر میں 31 جولائی سے لے کر 2 اگست تک جبکہ سندھ میں 3 اگست تک عام تعطیل ہے، اس دوران تمام سرکاری، نیم سرکاری، نجی ادارے بند رہیں گے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے بارہا عوام سے سادگی سے عیدالاضحیٰ منانے اور قربانی کے وقت کورونا وائرس سے متعلق حفاظتی تدابیر کا خیال رکھنے کی اپیل کی گئی ہے۔