بیروت: لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ہولناک دھماکے سے کم از کم 135 ہلاک اور 5000 سو افراد زخمی ہوگئے ہیں جب کہ ریڈ کراس نے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں کئی گنا اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ 

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق لبنان کے وزیر صحت حماد حسن نے کہا کہ بیروت میں ایک بہت بڑا سانحہ رونما ہوا ہے۔ واقعے میں ہلاکتیں کئی گنا بڑھ سکتی ہیں۔ اس وقت شہر کے تمام اسپتال زخمیوں سے بھرے ہوئے ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق منگل کو مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے کے قریب  بیروت کی بندرگاہ  کے علاقے میں ہولناک دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں گردو نواح کے علاقے  لرز گئے اور شہر کے مختلف علاقوں کی عمارتیں اور گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔ برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق تباہ ہونے والی عمارتوں میں لبنان کے سابق وزیر اعظم سعد حریری کا گھر بھی شامل ہے تاہم سعد حریری محفوظ ہیں۔

مقامی خبرایجنسی کے مطابق دھماکا ایک ایسے گودام میں ہوا ہے جہاں ضبط کیا گیا دھماکا خیز مواد رکھا گیا تھا۔ لبنان کے وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ گودام میں  سال قبل ایک بحری جہاز سے ضبط کیا گیا سوڈیم نائٹریٹ رکھا گیا تھا اور اسے ضایع کیا جانا تھا۔ دھماکے کی  آواز کئی کلومیٹر دور تک سنائی دی گئی اور  دور تک عمارتیں اس کی شدت سے لرز گئیں۔

 

دوسری جانب مختلف ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق دھماکے کی تباہ کاری کا دائرہ بیروت شہر میں بہت بڑے دائرے تک پھیلا ہوا ہے اور اس کے نتیجے میں ہزاروں خاندان اپنے گھر سے محروم ہوگئے ہیں۔ واضح رہے کہ لبنان کے وزیر اعظم حسن دیاب نے بدھ کو ملک میں یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔

0 replies

Leave a Reply

Want to join the discussion?
Feel free to contribute!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے