اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (یو این جی اے) کے نو منتخب صدر وولکن بوزکر 2 روزہ دورے پر کل (9 اگست) پاکستان پہنچیں گے۔
واضح رہے کہ وولکن بوزکر کا دورہ پاکستان 27 جولائی کو طے تھا لیکن سفری مسائل کے باعث ان کا دورہ منسوخ ہوگیا تھا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے اعلامیے میں تصدیق کی گئی کہ یو این جی اے کے صدر کل پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق حکومت کی دعوت پر وولکن بوزکر 9 اور 10 اگست کے دورے پر پہنچیں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وولکن بوزکر سے ملاقات میں اقوام متحدہ کے تین اہم ستون امن و سلامتی، ترقی اور انسانی حقوق سے متعلق امور پر وسیع پیمانے پر بات چیت کریں گے۔
صدر یو این جی اے اپنے دورے میں وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق وولکن بوزکر کا دورہِ پاکستان ‘بین الاقوامی امن و سلامتی کے فروغ اور بحالی میں اقوام متحدہ کی کوششوں میں پاکستان کی مضبوط اور قابل قدر شرکت کو اجاگر کرنے کا ایک اہم موقع ہے’۔
منبع: ڈان نیوز