دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی، فرقہ واریت میں بھارت کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران پاکستان میں فرقہ واریت میں بھارت کے ملوث ہونے کے حوالے سے زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ ‘ہمارے پاس اس بات کے ٹھوس شواہد ہیں کہ بھارت، پاکستان میں دہشت گردی اور فرقہ واریت کے پیچھے ہے، پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے بھارت سرگرم ہے اور اس کے عزائم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں، تاہم فرقہ واریت کے خلاف پوری پاکستانی قوم متحد ہے۔’
ترجمان نے کہا کہ پاکستان انسانی حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر مچل بیچلیٹ کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور شہریوں کے خلاف پیلٹ گنز کے اندھا دھند استعمال پر ایک بار پھر تشویش ظاہر کرنے کا خیرمقدم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ‘مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری ہے، مقبوضہ وادی میں پرتشدد واقعات میں دو صحافیوں کو بھی شہید کیا گیا۔
منبع: ڈان نیوز