گجرات/لاہور: وزیراعظم عمران خان کی آج حافظ آباد میں ریلی کی تیاریاں مکمل ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
گوجرانوالہ ڈویژن کے چھ اضلاع خصوصاً گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین اور گجرات میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے مقامی نمائندے پارٹی کارکنوں اور عوام کو بڑے پیمانے پر ریلی میں شرکت کے لیے ترغیب دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پی ٹی آئی گجرات اور منڈی بہاؤالدین کے ضلعی صدور رکن صوبائی اسمبلی سلیم سرور جورا اور طارق تارڑ رائقہ بالترتیب اپنے اپنے علاقوں سے کارکنوں کے قافلوں کی قیادت کریں گے، حافظ آباد کے پی ٹی آئی قانون سازوں نے لوگوں کو جلسے میں لانے کے لیے گزشتہ ایک ہفتہ سے کارنر میٹنگز کر رکھی ہیں۔
حافظ آباد سے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی شوکت بھٹی کے والد اور سابق رکن قومی اسمبلی مہدی حسن بھٹی نے یہاں تک کہ مقامی صحافیوں سے بھی درخواست کی کہ وہ فی کس کم از کم 100 افراد کو جلسے میں لائیں، جمعہ کے روز قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سیکیورٹی اہلکاروں کو ریلی کے مقام حافظ آباد اسٹیڈیم پر تعینات کر دیا گیا۔
دوسری جانب گوجرانوالہ کے ریجنل پولیس آفیسر، کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے پنڈال کا معائنہ کیا۔
حافظ آباد پہنچنے کے فورا بعد ہی وزیر اعظم یونیورسٹی آف حافظ آباد کا سنگ بنیاد رکھیں گے جس کے بعد ان کا خطاب ہوگا۔
منبع: ڈان نیوز