وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بلوچستان کی ہر طرح سے اور بالخصوص تعلیم کے شعبے میں مدد کریں گے۔
بلوچستان کے ایک روزہ دورے کے دوران تربت میں انہوں نے ترقیاتی اور سماجی بہبود کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اللہ نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا، اس میں اتنی صلاحیت ہے کہ فرشتوں کو کہا گیا کہ انسان کے سامنے جھکو۔
ان کا کہنا تھا کہ انسان کو اللہ کی دیگر مخلوف سے مختلف کرنے والی چیز علم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’علم کی تلاش ایک مسلسل جدوجہد ہے، مدینہ کی ریاست دنیا کی تاریخ میں پہلی فلاحی ریاست تھی، جنگ بدر کے بعد جب قریش کے قیدی مسلمانوں کے ہاتھ میں آئے تو مسلمانوں نے انہیں 10 لوگوں کو تعلیم دینے کے بدلے رہائی دینے کی پیشکش کی تھی‘۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ’وہ چاہتے تو ان سے پیسوں کا بھی مطالبہ کرسکتے تھے، مسلمانوں نے پیسے پر تعلیم کو فوقیت دی تھی اور اسی وجہ سے کئی سو سال تک دنیا کے اعلیٰ سیاستدان مسلمان تھے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’آج ہم پیچھے رہ گئے ہیں، پاکستان میں اب وہی علاقے پیچھے ہیں جہاں تعلیم کم ہے اور ہم ان علاقوں کو ترجیح دے رہے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت میں بلوچستان کی ہر طرح مدد کرے گی اور خاص طور پر تعلیم پر۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ دنیا میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا انقلاب آرہا ہے، اس سے کہیں بھی بیٹھے بیٹھے لوگوں کو تعلیم دی جاسکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ورچوئل ایجوکیشن کا استعمال بڑھ رہا ہے، ہم لوگوں کو دور دراز علاقوں میں بھی تعلیم دے سکتے ہیں تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ انٹیلیکچوئل بیس تیار ہو اور اس کے لیے بلوچستان کی ہر طرح سے مدد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ’پنجاب سب سے بڑا صوبہ ہے اور یہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کر رہا ہے، اسکالر شپز کو 135 سے بڑھا کر 360 کردیا گیا ہے اور پر میں پنجاب کے وزیر اعلیٰ کو داد دیتا ہوں‘۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ’سب کو احساس ہونا چاہیے کہ بلوچستان ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا اور پاکستان ترقی کرے گا تو بلوچستان کرے گا، ہم سب اکٹھے ہیں‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’انسان جو خواب دیکھ سکتا ہے اسے پورا بھی کرسکتا ہے، اللہ نے اتنی انسان کو قوت دی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’انسان جدو جہد کرکے اوپر جاتا ہے، اور جو اوپر جاتا ہے اس میں سب سے بڑی صفت یہ ہوتی ہے کہ وہ ہار نہیں مانتا‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’دنیا میں کوئی شارٹ کٹ نہیں، ہر مشکل وقت سے نکلنے کے بعد انسان اور مضبوط ہوجاتا ہے‘۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان بلوچستان کے ایک روزہ دورے پر تربت پہنچے تھے۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزرا شبلی فراز، مراد سید، غلام سرور خان، اسد عمر، معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی محمد قاسم خان سوری اور ممبر قومی اسمبلی عامر محمود کیانی بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم بلوچستان کے جنوبی اضلاع کے عمائدین سے ملاقات بھی کریں گے اور جنوبی بلوچستان پیکیج کا اعلان کریں گے۔
وزیراعظم کا دورہ بلوچستان کے عوام کیلئے خوشحالی کی نوید ثابت ہوگا، شبلی فراز
وفاقی وزیراطلاعات سینیٹرشبلی فرازکا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ بلوچستان کے عوام کیلئے خوشحالی کی نوید ثابت ہوگا۔
وفاقی وزیراطلاعات سینیٹرشبلی فرازنے وزیراعظم عمران خان کے دورہ بلوچستان کے حوالے سے ٹوئٹ میں کہا کہ بلوچستان کی ترقی ملکی ترقی کا باعث بنے گی، وزیر اعظم کا دورہ بلوچستان کے عوام کیلئے خوشحالی کی نوید ثابت ہوگا۔
سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ معاشی و سماجی ترقی کے ذریعے صوبے کے عوام کا احساس محرومی دور کریں گے، آگے بڑھنے کے یکساں مواقع سمیت عوام کی ترقی کے ایک نئے عہد کا آغاز ہوگا انشاءاللہ۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کا یہ تربت کا پہلا دورہ ہے۔ وفاقی وزرا ء بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہونگے۔ وزیراعظم تربت میں جنوبی بلوچستان کے کم ترقی یافتہ اضلاع کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان بھی کریں گے۔
منبع: ڈان نیوز